ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مغربی بنگال اسمبلی انتخابات: الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تیاریوں میں تیزی، افسران کے ساتھ اہم جائزہ اجلاس منعقد

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات: الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تیاریوں میں تیزی، افسران کے ساتھ اہم جائزہ اجلاس منعقد

Tue, 24 Mar 2026 10:33:38    S O News

نئی دہلی، 24/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک آن لائن جائزہ اور تربیتی اجلاس منعقد کیا، جس میں ضلع انتخابی افسران (ڈی ای اوز)، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پیز)، پولیس کمشنرز (سی پیز) اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

سرکاری پریس نوٹ کے مطابق اس اجلاس کا مقصد ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور پرامن و شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانا تھا۔ کمیشن کے اعلیٰ حکام نے پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے نظم و نسق، لاجسٹکس، عملے کی تربیت، ضبطی کارروائیوں، امن و امان کی صورتحال اور ووٹر بیداری مہمات سمیت مختلف اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

یہ جائزہ اجلاس چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے۹؍ مارچ کو مغربی بنگال کے دورے کے بعد منعقد کیا گیا، جس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ریاست میں انتخابات ’’تشدد سے پاک، دباؤ سے آزاد اور لالچ سے مبریٰ‘‘ ماحول میں کرائے جائیں، تاکہ ووٹر بغیر کسی خوف یا دباؤ کے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔

اسی ہدایت کے تحت اجلاس میں نیشنل لیول ماسٹر ٹرینرز (این ایل ایم ٹیز) کی جانب سے خصوصی تربیت بھی دی گئی، جس میں افسران کو امن و امان برقرار رکھنے، حساس علاقوں کی نشاندہی، انتخابی اخراجات کی نگرانی اور ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانے کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔  ریاست میں سخت مقابلے والے انتخابات کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان اقدامات کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔


Share: