اُڈپی، 24 / مارچ (ایس او نیوز) اُڈپی ضلع کے کارکلا اور ہیبری تعلقہ جات میں کل شام کےوقت بادلوں کی گرج کے ساتھ بھاری بارش ہوئی اور بجلی گرنے کی وجہ سے ایک درخت میں آگ لگ گئی ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کارکلا ٹاون کے علاوہ اجیکر، شیرلالو، کرواشے، مالا، نورل بیٹّا اور باجگولی علاقوں میں بھاری برسات ہوئی ۔ اس کے علاوہ ہیبری تعلقہ کے اندارو، مدراڑی، کابینلے اور اطراف میں بھی بارش ہوئی ہے ۔ بعض شہری مقامات پر بس تھوڑی دیر کے لئے برسات ہوئی تھی جبکہ مضافاتی علاقوں میں نصف گھنٹے سے بھی زیادہ وقت تک برسات ہونے کی اطلاع ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ مالا گاوں میں ایک درخت پر آسمانی بجلی سے اس میں آگ لگ گئی جس سے تھوڑی دیر کے لئے علاقے میں خوف اور تشویش کا ماحول بن گیا ۔