ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں نیشنل ہائی وے 66 کے کام میں تاخیر پر سٹی زن فورم برہم؛ تحصیلدار سے فوری مداخلت اور میٹنگ کا مطالبہ

بھٹکل میں نیشنل ہائی وے 66 کے کام میں تاخیر پر سٹی زن فورم برہم؛ تحصیلدار سے فوری مداخلت اور میٹنگ کا مطالبہ

Mon, 23 Mar 2026 21:00:51    S O News
بھٹکل میں نیشنل ہائی وے 66 کے کام میں تاخیر پر سٹی زن فورم برہم؛ تحصیلدار سے فوری مداخلت اور میٹنگ کا مطالبہ

بھٹکل، 23 مارچ (ایس او نیوز): بھٹکل میں نیشنل ہائی وے 66 کے توسیعی کام میں مسلسل تاخیر اور بنیادی سہولتوں کو نظر انداز کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بھٹکل سٹی زن فورم (بھٹکل تعلقہ ناگرک ہیتھارکشھنا ویدیکے) کے ذمہ داران نے تحصیلدار ناگیندر کولشیٹی سے ملاقات کر کے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ فورم نے زور دیا کہ ہائی وے تعمیراتی کمپنی کے ذمہ داران کو فوری طلب کر کے میٹنگ منعقد کی جائے اور عوامی مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے۔

فورم کے صدر ستیش کمار نائک نے اس موقع پر کہا کہ چند ماہ قبل اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں ہائی وے پروجیکٹ کے سلسلے میں منعقدہ ایک اہم میٹنگ کے دوران ٹھیکہ دار کمپنی IRB پر بعض شرائط عائد کی گئی تھیں۔ ان شرائط کے مطابق ہائی وے کی اصل توسیعی کام شروع کرنے یا مکمل کرنے سے قبل سروس روڈ کی تعمیر اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ڈرینیج نظام کو مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا، تاکہ عوام کو خصوصاً برسات کے موسم میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ کمپنی نہ تو سروس روڈ کی تعمیر پر توجہ دے رہی ہے اور نہ ہی نکاسیٔ آب کے نظام کو مکمل کرنے میں سنجیدگی دکھا رہی ہے۔ اس کے برعکس کمپنی صرف اپنے اصل ہائی وے پروجیکٹ کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے، جو کہ مقامی عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔

ستیش کمار نائک نے الزام لگایا کہ کمپنی نے بدنیتی کے تحت کام میں تاخیر کی اور اب انتہائی سست رفتاری سے کام جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ برسات کا موسم قریب ہے، اور اگر اسی انداز میں کام جاری رہا تو شمس الدین سرکل سے نور مسجد تک کا علاقہ زیر آب آ سکتا ہے، دکانوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے تحصیلدار سے مطالبہ کیا کہ کمپنی کے ذمہ داران کو فوری طلب کر کے ایک میٹنگ منعقد کی جائے اور ہائی وے کے ساتھ ساتھ سروس روڈ اور ڈرینیج کے کام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی جائیں۔

فورم کے صدر نے متنبہ کیا کہ اگر اس معاملے میں فوری کارروائی نہیں کی گئی تو عوامی احتجاج ناگزیر ہوگا۔ انہوں نے تعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ممکنہ مشکلات سے شہریوں کو بچایا جا سکے۔

اس موقع پر سٹی زن فورم کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، جن میں مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور ایم ایم نائک شامل ہیں۔ فورم کی جانب سے اس سلسلے میں ایک تفصیلی تحریری میمورنڈم بھی تحصیلدار کو پیش کیا گیا، جس میں تمام نکات کو شامل کیا گیا ہے۔


Share: