ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: خوفناک سڑک حادثہ، نوجوان ہلاک، دو شدید زخمی

منگلورو: خوفناک سڑک حادثہ، نوجوان ہلاک، دو شدید زخمی

Sun, 19 Apr 2026 01:18:11    S O News
منگلورو: خوفناک سڑک حادثہ، نوجوان ہلاک، دو شدید زخمی

مینگلور 18/اپریل (ایس او نیوز) منگلورو کے قریب پڈیل علاقے میں ہفتہ کی صبح پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موقع پر ہی دردناک موت واقع ہوگئی، جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ پُتور-اوپّیننگڈی سڑک پر پیش آیا۔

متوفی کی شناخت دھنجے (23) کے طور پر ہوئی ہے، جو پُتور تعلقہ کے بیلّی پّاڈی گاؤں (دارندکُکّو کے راستے) کے کوڈیمار علاقے کے رہائشی وشوناتھ پجاری کے فرزند تھے۔ دھنجے بنگلورو میں ملازمت کرتے تھے اور پُتور کے شری مہالنگیشور مندر کے سالانہ جاترا (میلہ) کے سلسلے میں اپنے گاؤں آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے جاترا کے میدان میں جوس کا اسٹال لگایا تھا اور گزشتہ رات اپنے ایک دوست کے گھر مقیم تھے۔ ہفتہ کی صبح تقریباً 11:30 بجے وہ کپڑے تبدیل کرکے دوبارہ اسٹال کی طرف جا رہے تھے کہ یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

سی سی ٹی وی میں حادثہ قید
دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، دھنجے کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور پھر بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی۔ اس کے بعد بائیک اچھل کر سامنے سے آرہی ایک دوسری موٹر سائیکل سے جا ٹکرائی۔ ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دھنجے نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

زخمیوں کی حالت تشویشناک
دوسری موٹر سائیکل پر سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر مقامی افراد نے اسپتال منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں پُتور ٹریفک پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Share: