ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی : سینٹ میری جزیرے کی سیاحت اور واٹر اسپورٹس پر چار مہینے کی پابندی

اڈپی : سینٹ میری جزیرے کی سیاحت اور واٹر اسپورٹس پر چار مہینے کی پابندی

Sat, 16 May 2026 17:25:13    S O News
اڈپی :  سینٹ میری جزیرے کی سیاحت اور واٹر اسپورٹس پر  چار مہینے کی پابندی

اڈپی، 16 / مئی (ایس او نیوز) ملپے ساحل پر واٹر اسپورٹس اور سینٹ میری جزیرے کی سیاحت پر ضلع انتظامیہ نے  چار مہینے تک کی پابندی لگائی ہے ۔
    
ضلع انتظامیہ کے مطابق مانسوں کی آمد کے ساتھ بدلتے ہوئے خراب سمندری موسم کے پیش نظر سیاحوں کی حفاظت کے نقطہ نظر سے بوٹ سروس اور واٹر اسپوٹس پر یہ پابندی لگائی گئی ہے جو 16 مئی سے 15 ستمبر تک جاری رہے گی ۔ خیال رہے کہ ہاربر کرافٹ رولس، 1963 میں 16 مئی سے 15 ستمبر تک کے عرصے کو " خراب موسم " قرار دیا گیا ہے، جس کے دوران مغربی ساحل پر سمندری سرگرمیاں معطل کر دی جاتی ہیں ۔
    
مانسون شروع ہونے سے تقریباً دو ہفتے پہلے ہی پابندی لگانے پر ان سیاحوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے جنہوں نے پہلے ہی سے سینٹ میری جزیرے کی سیاحت اور ملپے ساحل پر واٹر اسپورٹس سے لطف اندوز ہونے کا پروگرام بنایا تھا ۔ 
    
دوسری طرف محکمہ سیاحت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امسال شدید گرمی کی وجہ سے سینٹ میری جزیرے پر سیاحت کے لئے جانے والوں میں پہلے ہی کمی آ گئی تھی ۔ اس کے علاوہ جنگی حالات کی وجہ سے رسوئی گیس کی سپلائی میں ہوئی رکاوٹوں نے بھی بہت سے خاندانوں کے سیاحتی منصوبوں کو متاثر کیا ۔ 
    
سرکاری افسران نے واضح کیا ہے کہ ان چار مہینوں میں بوٹنگ اور واٹر اسپورٹس کی سرگرمیاں مکمل طور بند رہیں گی، البتہ موسم کے حالات کے موافق رہنے کی صورت میں سیاحوں کو ساحل پر اُتھلے پانی میں اترنے اور موجوں سے کھیلنے کی اجازت رہے گی ۔ 
    
افسران نے یہ بھی بتایا ہے کہ آگے چل کر سمندر میں اچھال شروع ہونے کے ساتھ ساحل کے کنارے پر بیریکیڈس لگا دئے جائیں گے جس کے بعد سیاحوں کے پانی میں اترنے پر مکمل پابندی لگا دی جائے گی ۔ 


Share: