ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سداپور: ناجائز تعلقات کا شاخسانہ — چاقو زنی میں ایک شخص ہلاک، دو زخمی — جیوتشی سمیت 7 افراد گرفتار

سداپور: ناجائز تعلقات کا شاخسانہ — چاقو زنی میں ایک شخص ہلاک، دو زخمی — جیوتشی سمیت 7 افراد گرفتار

Wed, 04 Feb 2026 12:47:14    S O News
سداپور: ناجائز تعلقات کا شاخسانہ — چاقو زنی میں ایک شخص ہلاک، دو زخمی — جیوتشی سمیت 7 افراد گرفتار

سداپور، 4 فروری (ایس او نیوز): ایک خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کے پس منظر میں اوارگوپّا گرام میں دیر رات گئے ہونے والے جھگڑے کے دوران چاقو گھونپنے کے واقعے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ اس معاملے میں پولیس نے ایک جیوتشی سمیت سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چاقو زنی میں فوت ہونے والے شخص کی شناخت وسنت جٹّا نائک (43 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ان کے بھائی مہیش جٹّا نائک (37 سال) اور کمار نارائن نائک (53 سال) شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے اس معاملے میں مہیش نائک کی بیوی سُچیترا نائک، ان کے سسر ایکناتھ نائک، جیوتشی کملاکر بھٹ سمیت جملہ سات افراد کو گرفتار کیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ سُچیترا نائک گزشتہ چھ ماہ سے اپنے شوہر مہیش نائک سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ جیوتشی کملاکر بھٹ کے ساتھ شیموگہ میں مقیم تھی۔ دو دن قبل بڑی بیٹی نے اپنی ماں اور جیوتشی کملاکر بھٹ پر ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے والد کے ساتھ رہنے کی خواہش ظاہر کی، جس کے بعد وہ اوارگوپّا پہنچ گئی۔

siddapur-sp-visit-1

اس سلسلے میں مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائے جانے کے بعد بچی کو سرسی میں کونسلنگ کے لیے بھیجا گیا، جہاں اس نے اپنے والد کے ساتھ ہی رہنے کا ارادہ ظاہر کیا اور بعد ازاں اوارگوپّا واپس آگئی۔

اسی دن سُچیترا نائک اور دیگر ملزمین رات کے وقت اوارگوپّا پہنچے اور لڑکی کو واپس لے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جھگڑا شروع کر دیا۔ جب ملزمین نے بچی کو زبردستی گھسیٹ کر لے جانے کی کوشش کی تو مہیش نائک، وسنت نائک اور کمار نائک انہیں روکنے کے لیے آگے بڑھے، جس پر ان پر جان لیوا حملہ کیا گیا۔ مقامی افراد کے جمع ہونے پر ملزمین موقع سے فرار ہوگئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران وسنت نائک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ دیگر دو زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے شیموگہ کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر منگلورو زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس امیت سنگھ، ضلع اتر کنڑا کے ایس پی دیپن، ایڈیشنل ایس پی جگدیش نائک اور ڈی وائی ایس پی گیتا پاٹل نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور تفتیش کے سلسلے میں افسران کو ضروری ہدایات دیں۔

وسنت نائک کی اہلیہ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ساتوں ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Share: