بھٹکل 2 فروری (ایس او نیوز): ریاست بھر میں سماج کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کو کم قیمت میں معیاری کھانا فراہم کرنے کے مقصد سے جاری اندرا کینٹین اسکیم کے تحت جالی پٹن پنچایت کے آزاد نگر، نزد مضافاتی پولیس تھانہ میں قائم نئی اندرا کینٹین کا افتتاح اتوار کو ریاستی وزیر برائے بندرگاہ، ماہی پروری اور اندرونی آبی نقل و حمل، اُترکنڑا ضلع کے انچارج وزیر اور بھٹکل کے رکنِ اسمبلی منکال ایس وئیدیا کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
افتتاح کے بعد وزیر منکال وئیدیا نے خود بھی اندرا کینٹین میں کھانا تناول کیا اور عوام کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے جالی پٹن پنچایت کے افسران کو ہدایت دی کہ کینٹین میں ہمیشہ معیاری اور صاف ستھرا کھانا فراہم کیا جائے اور افسران وقتاً فوقتاً کینٹین کا معائنہ کرتے رہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ سال 2017 میں بھٹکل کے اسپتال روڈ پر پہلی اندرا کینٹین قائم کی گئی تھی، جس سے اب تک سینکڑوں مزدور اور غریب افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ آزاد نگر میں نئی کینٹین کے آغاز کے ساتھ ہی بھٹکل میں دوسری اندرا کینٹین کا افتتاح عمل میں آیا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت نے بھوکے اور غریب عوام کو سستا اور معیاری کھانا فراہم کرنے اور بے روزگاروں کو روزگار کے مواقع دینے کے مقصد سے اندرا کینٹین اسکیم شروع کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ریاست بھر میں 600 سے زائد اندرا کینٹینیں کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
اُترکنڑا ضلعی انتظامیہ، محکمہ شہری ترقی، ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن اور جالی پٹن پنچایت کے اشتراک سے قائم اس کینٹین میں عوام کو پانچ روپے میں ناشتہ اور دس روپے میں پیٹ بھر کھانا فراہم کیا جائے گا۔ وزیر نے کہا کہ اچھی صحت کے لیے متوازن اور معیاری غذا نہایت ضروری ہے، کیونکہ صحت مند انسان ہی بہتر انداز میں کام کر سکتا ہے اور کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی گارنٹی اسکیموں کا بنیادی مقصد عوام کا سکون، خوشحالی اور سماجی تحفظ ہے۔

وزیر موصوف نے مزید کہا کہ اگرچہ حکومت گارنٹی اسکیموں کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈ فراہم کر رہی ہے، تاہم ترقیاتی کاموں کو بھی نظرانداز نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ریاستی بجٹ چار لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرنے والا ہے۔ رہائشی منصوبوں اور سڑکوں کی تعمیر کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے اور بھٹکل ٹاؤن حدود میں 700 غریب خاندانوں کو مکانات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم، رہائشی منصوبے کے لیے مختص زمین پر بعض اعتراضات کے باعث معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے، جس کی وجہ سے تعمیراتی کام میں کچھ تاخیر ہوئی ہے، لیکن آنے والے دنوں میں تمام مسائل حل کر لیے جائیں گے۔
اس موقع پر جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا نے بھٹکل میں ایک ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کے قیام اور آتی کرم زمینوں پر کئی دہائیوں سے مقیم خاندانوں کو قانونی طور پر زمین الاٹ کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا۔

تقریب میں جالی پٹن پنچایت کی صدر افشاں قاضیا، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ایشور موگیر، گارنٹی اتھاریٹی کے تعلقہ صدر راجو نائک کوپّا، جالی پٹن پنچایت کے چیف آفیسر منجپّا، بلاک کانگریس جنرل سیکریٹری سریش نائک سمیت پنچایت کے متعدد اراکین اور افسران موجود تھے۔
دریں اثنا، وزیر منکال وئیدیا نے پڑوسی تعلقہ ہوناور کے منکی میں بھی اندرا کینٹین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع کے مختلف شہروں میں قائم اندرا کینٹینوں سے روزانہ ہزاروں افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے 19.98 کروڑ روپے کی لاگت سے ندی کنارے تعمیر کیے جانے والے کھارلینڈ منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔