ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مرکزی بجٹ پر کانگریس کی سخت تنقید، عوامی مسائل نظرانداز کرنے کا الزام

مرکزی بجٹ پر کانگریس کی سخت تنقید، عوامی مسائل نظرانداز کرنے کا الزام

Mon, 02 Feb 2026 18:11:45    S O News

نئی دہلی ، 2/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)مرکزی بجٹ 2026  کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے جس میں حکومت پر روزگار، تعلیم، صحت اور عام لوگوں کی ضروریات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اتوار کے روز وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے ذریعہ پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے بجٹ 2026 پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلا اور پارٹی کے ترجمان سریندر راجپوت نے بجٹ کو سمت اور پالیسی سے عاری قرار دیتے ہوئے کئی سوالات اٹھائے۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلا نے آئی اے این ایس سے کہا کہ یہ بجٹ روزگار کی بات نہیں کرتا، صنعتوں کے لیے نہ تو کوئی راحت دی گئی ہے اور نہ ہی کسی طرح کی مدد نظر آتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسی صورتحال میں ملک کیسے ترقی کرے گا۔ اوجلا نے تعلیم اور صحت کے لیے مختص بجٹ کو بھی بہت کم بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کیا ملک بھر میں طبی نظام پوری طرح بہتر ہو چکا ہے اور کیا تعلیمی نظام مکمل طور پر ٹھیک ہو گیا ہے؟ جب تک ان بنیادی شعبوں پر مناسب توجہ نہیں دی جائے گی تب تک ترقی ادھوری رہے گی۔

دریں اثنا کانگریس کے ترجمان سریندر راجپوت نے بجٹ 2026 پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ہندوستان کی معیشت کو ’تباہ‘ کرنے والا ہے اور اس میں قابل ذکر کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بجٹ میں بیرون ملک تعلیم کے سستے ہونے کی بات کی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اپنے ملک میں تعلیم مہنگی ہے۔

راجپوت نے کہا کہ اس بجٹ کی نہ کوئی سمت ہے، نہ کوئی واضح پالیسی اور نہ ہی کوئی سیکورٹی کا معیار نظرآتا ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پوری زندگی میں انہوں نے ایسا بجٹ نہیں دیکھا۔ انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ اس بجٹ میں کسان، نوجوان، خواتین یا قبائلی برادریوں کے لیے کیا ہے؟۔ ان کے مطابق بجٹ میں سماج کے کسی طبقے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی یا راحت نہیں ہے۔ سریندر راجپوت نے دعویٰ کیا کہ عام آدمی کی ضروریات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔


Share: