بھٹکل، 3 فروری (ایس او نیوز): بھٹکل انجمن کالج فور ویمن کی طالبات نے ایک مرتبہ پھر تعلیمی میدان میں اپنی شاندار صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے یونیورسٹی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ کالج کی طالبات نے سالِ رواں میں مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرناٹکا اسٹیٹ ویمنس یونیورسٹی، وجے پورا میں مجموعی طور پر پانچ یونیورسٹی رینکس اپنے نام کیے ہیں، جس سے نہ صرف ادارے بلکہ پورے بھٹکل شہر کا نام روشن ہوا ہے۔
کالج کی پرنسپل رئیسہ شیخ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تعلیمی سال 2024-25 کے نتائج میں بی سی اے شعبے کی طالبات اُم ہانی بنت عبدالعزیز پِلّور اور سوریّا بنت محمد غوث سیف اللہ نے 90.80 فیصد مارکس حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی میں مشترکہ طور پر اول رینک حاصل کیا ہے۔
اسی طرح بی بی اے شعبے میں مریم ہانہ بنت محمد اشفاق کپّا نے 89.64 فیصد کے ساتھ دوسرا رینک حاصل کر کے نمایاں کامیابی درج کی۔
بی کام شعبے کی طالبہ فاطمہ سلومی بنت عبدالسلام دامودی نے 94.72 فیصد کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا، جبکہ بی ایس سی شعبے کی سینین بنت محمد شعیب برماور نے 94.36 فیصد مارکس کے ساتھ یونیورسٹی میں چوتھا رینک حاصل کیا۔
کالج کی اس شاندار تعلیمی کامیابی پر انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے صدر یونس قاضیا، جنرل سیکریٹری اسحاق شاہ بندری اور دیگر ذمہ داران نے کالج کی پرنسپل، تدریسی عملہ اور اعلیٰ رینک حاصل کرنے والی تمام طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے طالبات کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور ادارے کے تعلیمی ماحول کو اس کامیابی کا اصل سبب قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی طرح کی کامیابیوں کی امید ظاہر کی ہے۔