ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دفاعی صنعت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے کرناٹک کو دو ڈیفنس کاریڈورز کی ضرورت، وزیراعلیٰ سدارامیا نے دہلی میں مرکز سے منظوری کی اپیل کی

دفاعی صنعت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے کرناٹک کو دو ڈیفنس کاریڈورز کی ضرورت، وزیراعلیٰ سدارامیا نے دہلی میں مرکز سے منظوری کی اپیل کی

Thu, 10 Jul 2025 12:30:08    S O News

نئی دہلی، 10 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)وزیراعلیٰ کرناٹک سدارامیا کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ریاستی وفد نے دہلی میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں دو علیحدہ دفاعی راہداریوں (Defence Corridors) کے قیام کے لیے باقاعدہ یادداشت پیش کی۔ اس ملاقات میں ریاست کے جنوبی اور شمالی علاقوں—بنگلورو دیہی، کولار، چکبالاپور اور ہبلی، دھارواڑ، بلگاوی، وجے پور—میں دفاعی صنعت کو فروغ دینے کے لیے راہداریوں کی منظوری کا مطالبہ کیا گیا۔

ریاستی وفد میں نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزیر صنعت و تجارت ایم بی پاٹل، وزیر توانائی کے جے جارج، وزیر شہری ترقیات بایرتی سریش اور دہلی میں ریاست کے خصوصی نمائندے ٹی بی جے چندرا شامل تھے۔

سدارامیا نے زور دیا کہ کرناٹک ملک کی دفاعی اور ایرو اسپیس صنعت میں پہلے ہی 75 فیصد حصہ داری رکھتا ہے، اس لیے شمالی اور جنوبی کرناٹک میں ایک ایک دفاعی راہداری کی منظوری "میک ان انڈیا" جیسے قومی منصوبے کو نئی جہت دے گی۔

ریاستی وزیر ایم بی پاٹل نے دفاعی شعبے میں کرناٹک کی موجودہ صنعتی صلاحیتوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ شمالی کرناٹک کے بلگاوی، دھارواڑ اور وجےپور اضلاع میں کئی اہم دفاعی کمپنیاں جیسے Balu Forge، Aequs، Walchandnagar Industries فعال ہیں۔ بلگاوی میں 250 ایکڑ پر مشتمل خصوصی اقتصادی زون میں 31 صنعتی یونٹس میں 5 ہزار سے زائد افراد برسرِ روزگار ہیں۔

اسی طرح جنوبی کرناٹک کے اضلاع میں HAL، Collins Aerospace، Dynamatic Technologies، Bellatrix Aerospace، TASL جیسی کمپنیاں دفاعی اور ایرو اسپیس مصنوعات تیار کر رہی ہیں، جب کہ دیونہلی میں واقع 2000 ایکڑ پر محیط ہائی ٹیک ڈیفنس اور ایرو اسپیس پارک ریاست کی صنعتی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔

سدارامیا نے مزید بتایا کہ کرناٹک ملک میں طیاروں اور خلائی جہازوں کی 25 فیصد، اور ہوائی جہازوں و ہیلی کاپٹروں کی 67 فیصد تیاری کا مرکز ہے۔ ان صنعتی پہلوؤں کو مدِنظر رکھتے ہوئے، انہوں نے مرکز سے اپیل کی کہ دونوں مجوزہ ڈیفنس کاریڈورز کو جلد از جلد منظوری دی جائے۔

مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے یادداشت پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیش کیے گئے نکات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ راجناتھ سنگھ نے کرناٹک حکومت کے دیگر مطالبات پر بھی ہمدردانہ غور کرنے کا یقین دلایا ہے، جن میں میسور دسہرہ ایئر شو کے لیے فوجی تعاون، بنگلورو میں ڈیفنس راہداری کے قیام اور مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں جیسے ٹنل روڈ، لنک روڈ اور فلائی اوور کے لیے دفاعی زمین کی دستیابی شامل ہے۔

جب ان سے راہل گاندھی سے ممکنہ ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر وقت ملا تو ملاقات ضرور کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کانگریس کے سینئر رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا کل دہلی پہنچیں گے اور تنظیمی امور پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کے لیے وقت مانگا گیا ہے اور غالب امکان ہے کہ کل ملاقات ہو جائے گی۔


Share: