ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / چارکوپ: پارک کی گئی ڈیلیوری گاڑی سے 27 گیس سلنڈر غائب

چارکوپ: پارک کی گئی ڈیلیوری گاڑی سے 27 گیس سلنڈر غائب

Sun, 29 Mar 2026 13:15:13    S O News

ممبئی ، 29/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)موجودہ حالات میں ایل پی جی گیس کی قلت کے دوران کاندیولی کے چارکوپ میں نامعلوم افراد نے سلنڈروں کی ڈیلیوری کرنے والی گاڑی سے گیس سے بھرے اور خالی کُل ۲۷؍ سلنڈر چوری کرلئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے اور پولیس تحقیقات کررہی ہے۔چوری ہونے والے ۲۷؍ گیس سلنڈروں میں سے ۵؍ بھرے ہوئے تھے اور ان سب کی کُل قیمت ۱۵؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے بتائی گئی ہے تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ منظم گینگ نے یہ سلنڈر بلیک مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کرنے کے مقصد سے چرائے ہیں جبکہ گیس سلنڈروں کی کالابازاری میں خالی گیس سلنڈروں میں گیس بھر کر اسے بھی فروخت کیا جاتا ہے۔ یہ واردات ۲۵؍ اور ۲۶؍ مارچ کی درمیانی شب انجام دی گئی تھی۔ پولیس میں درج شکایت کے مطابق دن بھر ڈیلیوری کے بعد شب کو تقریباً ۱۱؍ بجے متذکرہ گاڑی ’کاکا کینی چوک‘ پر پارک کردی گئی تھی اور دوسرے دن صبح گیس کی ڈیلیوری شروع کی جانی تھی۔

دوسری صبح تقریباً ۸؍ بجے جب ڈیلیوری ایگزیکٹو نندکمار رام راج سونی (۳۵) ڈیوٹی پر آیا تو دیکھا کہ گاڑی کے دروازے کا شیشہ چور چور تھا، گاڑی کا قفل ٹوٹا ہوا تھا اور اس میں رکھے تمام سلنڈر غائب تھے۔ شکایت کنندہ گزشتہ ۷؍ برسوں سے یہ کام کررہا ہے اور پہلی مرتبہ اس کی گاڑی سے سلنڈر چوری ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے اس کا روزگار متاثر ہوا ہے۔

چار کوپ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ واردات کسی منظم گینگ نے انجام دی ہے۔ پہلے ۲؍ مشتبہ افراد نے آکر گاڑی کا جائزہ لیا، اس کے بعد ایک گاڑی وہاں لائی گئی جس میں ایک ایک کرکے سلنڈر منتقل کئے گئے اور پھر یہ سب وہاں سے روانہ ہوگئے البتہ نگرانی کیلئے مزید ایک اسکوٹر ان کے پیچھے پیچھے چل رہی تھی۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسی غلطی کے بغیر جس رفتارسے چوری کی گئی اس سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ ملزمین نے پہلے سے اس ٹیمپو کو نظر میں رکھا تھا اور اس کی معلومات جمع کرکے رکھ لی تھی۔ پولیس کے مطابق ’ایچ پی‘ گیس کمپنی سے اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ واردات والی رات کسی کو گیس ڈیلیور نہیں کی گئی تھی جس سے تصدیق ہوتی ہے کہ متذکرہ گیس سلنڈر چوری ہی ہوئے ہیں۔

چوری کے اس کیس کو حل کرنے کیلئے پولیس نے مخصوص ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس علاقے کے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ دیکھنے کے علاوہ بھنگار والوں، ٹرانسپورٹروں اور گیس سلنڈروں کی کالا بازاری کرنے والے عام مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کررہی ہیں۔


Share: