ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایل پی جی بحران: نوئیڈا میں کمرشل سلنڈروں کی کمی سے ریسٹورنٹس کا کاروبار متاثر

ایل پی جی بحران: نوئیڈا میں کمرشل سلنڈروں کی کمی سے ریسٹورنٹس کا کاروبار متاثر

Sun, 29 Mar 2026 13:03:37    S O News

 نوئیڈا ، 29/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات ہندوستان میں بھی تیزی سے محسوس کئے جانے لگے ہیں۔ اس جنگ کا سب سے زیادہ اثر گیس اور پیٹرول سپلائی پر پڑتا نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے کمرشل اور گھریلو سلنڈر کے حوالے سے لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ حالانکہ حکومت دعویٰ کررہی ہے کہ گیس سلنڈر کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت کے پاس وافر مقدار میں ذخیرہ موجود ہے لیکن صورتحال اس کے بالکل برعکس نظر آرہی ہے۔

موجودہ صورتحال کے حوالے سے قومی راجدھانی سے ملحق نوئیڈا میں کچھ ریسٹورنٹ میں کی گئی بات چیت کے بعد ’اے بی پی نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک ریسٹورنٹ کے مالک نے بتایا کہ کمرشل سلنڈر نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس سلنڈر بلیک میں مل رہے ہیں، سلنڈروں کی کالا بازاری کی جارہی ہے وہیں ریسٹورنٹ چلانے والے بھٹی پر کھانا پکانے کے لیے مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت کی وجہ سے ایک دن ہمیں اپنے ریسٹورنٹ بند کرنا پڑ سکتے ہیں۔

’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق تغلق پور کے ایک ریسٹورنٹ مالک نے بتایا کہ کمرشل گیس سلنڈر نہں مل رہے ہیں جس کی وجہ سے ریسٹورنٹ بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ جن لوگوں کے پاس گیس سلنڈر ہیں وہ 5000 روپے میں فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے بلیک میں بیچے جارہے سلنڈر کو وہ نہیں لے پارہے ہیں اس وجہ سے انہیں اپنا ریسٹورنٹ بھٹی پر چلانا پڑرہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسٹورنٹ میں وہ زیادہ تر کھانا بھٹی سے ہی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کچھ چینی آئٹم بند کرنے پڑے ہیں جن میں بہت زیادہ گیس استعمال ہوتی تھی۔ ان حالات میں علاقے کے زیادہ تر ریسٹورنٹ خالی پڑے ہیں۔ صارفین کی تعداد بھی اب محض گنتی میں رہ گئی ہے۔ کئی جگہ اب روٹی کی جگہ صرف چاول والی ڈش ہی موجود ہے۔

ایک آپریٹر نے یہاں تک کہا کہ ان کے پاس سلنڈر تو رکھا ہے لیکن وہ خالی ہے اور لوگ بھٹی پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں نے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ نہیں کیا کیونکہ اگر کھانے کی قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں تو ان کے گاہک کھانے کے لیے ان کے ریسٹورنٹ نہیں آئیں گے۔ اس لیے وہ بے بس ہیں۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ وہ گیس کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف مسلسل مہم چلا رہی ہے۔ پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی بھی کی ہے۔


Share: