بھٹکل، یکم اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون میونسپل کونسل (ٹی ایم سی) کو ترقی دیتے ہوئے سٹی میونسپل کونسل (سی ایم سی ) بنائے جانے کے بعد یہاں چیف آفیسر کی جگہ پر میونسپل کمشنر کا عہدہ بن گیا ہے ۔ اسی پس منظر میں اس عہدے پر بابا صاحب مانے کا تقرر ہوا ہے اور انہوں نے سی ایم سی بھٹکل کے پہلے کمشنر کے طور پر چارج لے لیا ہے ۔
ریاستی حکومت کی جانب سے بھٹکل ٹاون (قصبہ)کو باضابطہ طور پر چھوٹا شہر (اسمال سٹی) قرار دیتے ہوئے بھٹکل ٹی ایم سی کے ساتھ جالی پٹن پنچایت اور ہیبلے گرام پنچایت کے علاقوں کو جوڑتے ہوئے 22.67 اسکوائر کلو میٹر کے علاقے پر مشتمل بھٹکل سٹی ممیونسپل کونسل تشکیل دینے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ۔
اب سرکاری حکم نامے کے مطابق بیلگام ضلع کے کُڈچی ٹی ایم سی میں دو سال سے خدمات انجام دے رہے بابا صاحب مانے کا تبادلہ نو تشکیل شدہ بھٹکل سی ایم سی کے کمشنر کے طور پر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بھٹکل پہنچ کر بھٹکل سی ایم سی کے چیف آفیسر کے طور پر خدمات دینے والے وینکٹیشن ناوڈ سے اپنے عہدے کا چارج لیا ۔
اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میونسپل کمشنر کی حیثیت سے وہ شہر کی صفائی ستھرائی اور پینے کے پانی کی سپلائی سے متعلقہ امور پر ترجیحی توجہ دیں گے ۔ صفائی اور کچرا نکاسی کے معاملے میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔ سوکھا کچرا، گیلا کچرا اور خطرے والا کچرا الگ الگ کرکے کچرا اٹھانے والوں کے حوالے کرنا ضروری ہے ۔
انہوں نے تیقن دیا کہ شہری مسائل کو براہ راست ان کے علم میں لانے پر فوری توجہ دی جائے گی اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ ہم عوام کے مسائل کو پوری ذمہ داری کے ساتھ اطمینان بخش طریقے پر حل کرنے کے پابند رہیں گے ۔