ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: آئی فون فروخت کرنے سے پہلے ڈیٹا ڈیلیٹ نہ کرنا پڑا مہنگا؛ پرائیویٹ ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی، معاملہ درج

بھٹکل: آئی فون فروخت کرنے سے پہلے ڈیٹا ڈیلیٹ نہ کرنا پڑا مہنگا؛ پرائیویٹ ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی، معاملہ درج

Tue, 31 Mar 2026 23:29:49    S O News

بھٹکل 31 مارچ (ایس او نیوز): موبائل فون فروخت کرنے سے پہلے اس میں موجود پرانا ڈیٹا ڈیلیٹ نہ کرنے کے نتیجے میں نجی معلومات کے غلط استعمال کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔

اطلاع کے مطابق، شہر کے کوکتی نگر کے رہائشی 23 سالہ نوجوان نے 7 مئی 2025 کو ایک مقامی موبائل دکان سے تقریباً 75 ہزار روپے مالیت کا آئی فون اقساط پر خریدا تھا۔ فون استعمال کے دوران اس نے اپنی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز اس میں محفوظ کر لی تھیں۔ کچھ مہینوں بعد اس کے ایک جان پہچان والے شخص نے آئی فون خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی اور بعد میں رقم ادا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے فون اپنے پاس لے لیا۔

تاہم مذکورہ شخص نے بعد میں رقم ادا کرنے میں ٹال مٹول شروع کر دی۔ اس دوران معلوم ہوا کہ وہ بیرونِ ملک چلا گیا ہے۔ الزام ہے کہ جب اصل مالک نے رقم کی ادائیگی کے لیے دباؤ ڈالا تو اس شخص نے دھمکی دی کہ اگر رقم کا مطالبہ کیا گیا تو وہ موبائل فون میں موجود پرائیویٹ ویڈیوز کو وائرل کر دے گا۔

واقعے سے پریشان متاثرہ نوجوان نے بھٹکل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


Share: