ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منڈگوڈ : رسوئی گیس سلنڈروں کی قلت - عوام جنگل سے جلانے کی لکڑیاں لانے پر مجبور

منڈگوڈ : رسوئی گیس سلنڈروں کی قلت - عوام جنگل سے جلانے کی لکڑیاں لانے پر مجبور

Tue, 31 Mar 2026 18:03:16    S O News
منڈگوڈ : رسوئی گیس سلنڈروں کی قلت - عوام جنگل سے جلانے کی لکڑیاں لانے پر مجبور

منڈگوڈ ،31 / مارچ (ایس او نیوز) رسوئی گیس کے سلنڈروں کی فراہمی میں درپیش دقت کی وجہ سے عوام جنگلوں میں جا کر وہاں سے جلانے کی لکڑیاں جمع کرکے لانے پر مجبور ہو گئے ہیں اور اس کے لئے لوگ محکمہ جنگلات سے باضابطہ اجازت نامہ حاصل کر رہے ہیں ۔ 

معلوم ہوا ہے کہ شہر کے ہبلی روڈ پر واقع محکمہ جنگلات سے متعلقہ علاقے میں ابھی حال ہی میں اکاشی کے درخت کاٹ کر ڈپو میں بھیجے گئے ہیں ۔ اب وہاں نئے پودے بونے کے مقصد سے گزشتہ دو دنوں سے عوام کو وہاں پر موجود پرانے درختوں کی جڑوں اور سوکھی ہوئی شاخوں کو لے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے اس لئے عوام اس موقع سے فائدہ اٹھانے اور لکڑیاں جمع کرنے کے لئے ٹوٹ پڑے ہیں ۔
    
درختوں کی ٹوٹی ہوئی سوکھی شاخیں اور جڑیں جمع کرنے کے لئے مرد اور خواتین کے علاوہ بچے بھی صبح 6  بجے سے ہی جنگلاتی علاقے میں گھس گئے اور لکڑیاں جمع کرنے میں مصروف ہوگئے ۔ کچھ لوگ تو اپنے ساتھ ناشتہ اور کھانا بھی لے کر پہنچے تھے ۔ جمع کی گئی لکڑیوں کے گٹھوں کو ٹیمپو، ٹریکٹر اور بائکس وغیرہ پر لاد کر لے جایا گیا ۔     
    
دوسری طرف شہری اور دیہی علاقوں میں گیس سلنڈروں کی دستیابی میں بڑی دشواری پیدا ہوگئی ہے جس کے لئے لوگ صبح 3 بجے سے ہی سلنڈروں کے گودام کے آگے قطاروں میں لگ رہے ہیں ۔ بکنگ ہونے اور او ٹی پی آنے کے بعد بھی سلنڈروں کی فراہمی کے لئے لوگوں کو صبح سے لے کر شام تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔


Share: