ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : الال سے سورتکل تک تعمیر ہوگی 22 کلو میٹر لمبی سمندری سڑک

منگلورو : الال سے سورتکل تک تعمیر ہوگی 22 کلو میٹر لمبی سمندری سڑک

Sun, 29 Mar 2026 19:16:34    S O News
منگلورو : الال سے سورتکل تک تعمیر ہوگی 22 کلو میٹر لمبی سمندری سڑک

منگلورو ، 29 / مارچ (ایس او نیوز) ضلع انتظامیہ نے شہری سہولتوں کے انتظامات میں ایک نئے زاویے سے بہتری لانے کا منصوبہ جس کے تحت الال سے سورتکل تک 22 کلو میٹر سمندری سڑک تعمیر کی جائے گی ۔ افسران کے مطابق اس سے ٹریفک کے لئے ایک تیز رفتار کوریڈور فراہم ہونے کے ساتھ سمندری کٹاو جیسے پرانے مسئلے کے مستقل حل  جیسا دوہرا فائدہ ہوگا ۔ 
    
خیال رہے کہ مانسون کے موسم میں اس علاقے میں تیز سمندری موجوں کی وجہ سے ساحل کا کٹاو ایک انتہائی سنگین اور مستقل مسئلہ بن جاتا ہے ۔ اب تک بڑے بڑے پتھروں سے ساحلی پٹی پر عارضی رکاوٹی دیواریں تعمیر کی جاتی رہی ہیں جو زیادہ دیر پا حل نہیں بن سکیں ۔ اس کی وجہ سے ہر سال اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے سرکاری خزانہ پر خرچ کا بوجھ برقرار رہتا ہے ۔
    
اب حکومت نے  سڑک کے لئے مضبوط بنیاد کے ساتھ سمندری کٹاو سے روک تھام کی تدابیر کو شامل کرتے ہوئے سمندری کنارے سے سڑک تعمیر کرنے منصوبہ بنایا ہے ۔ کوسٹل ریگولیشن ژون (سی آر زیڈ) کے قوانین کی پابندی کے ساتھ 'ٹو ان ون' انداز میں تعمیر کی جانے والی اس سڑک سے ساحلی کناروں پر موجود مکانات کو بھی سمندری کٹاو سے تحفظ ملے گا ۔
    
اس منصوبے کی وجہ سے ماحولیاتی تحفظ کا مقصد بھی پورا ہوگا اور شہری علاقے کی نقل و حرکت میں ایک انقلابی تبدیلی بھی آئے گی ۔ شہری علاقے کی اندرونی سڑک کو بائی پاس کرنے کی وجہ سے تھوکٹو، پمپ ویل جیسے علاقوں میں ٹریفک کے لئے جو 'بوٹل نیک' کیفیت پیدا ہوتی ہے اور نقل و حرکت میں دشواریاں کھڑی ہوتی ہیں ان کا بھی ازالہ ہو جائے گا ۔ اس سڑک سے سفر کرنے والوں کے لئے اندرونی سڑک کے مقابلے میں تقریباً آدھے گھنٹے   کی بچت ہوگی ۔ اس کے علاوہ مچھلی کے مقامی کاروبار کو بھی فائدہ ہوگا ۔ 
    
ریئل اسٹیٹ سے جڑے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کی وجہ سے موکّا، ہوسابیٹو، الال جیسے ساحلی علاقے کی زمینوں کی قیمتیں بڑھیں گی اور ان کی مانگ میں اضافہ ہوگا ۔ 
    
اس وقت یہ منصوبہ حکومت کی طرف سے فائنل کلیرینس کے مرحلے میں ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اسے ہری جھنڈی دکھائی جائے گی ۔ 


Share: