بھٹکل، 28 / مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کا مشہور چن پٹن ہنومنت رتھ اُتسوا (یعنی تیر ہبّا) جمعہ کو روایتی شان و شوکت کے ساتھ پُرامن طریقے پر اختتام پزیر ہوا۔
رام نوامی کے موقع پرمنعقد ہونے والے اس تیر حبّا کے تحت تمام ضروری مذہبی رسومات گوکرن کے تانترک شینواس اڈیگا کی نگرانی میں ہنومان مندر کے پجاری پرمود شنکر بھٹ بچّوڑی نے ادا کیں ۔ سالانہ اتسوا کے لئے سجائے گئے رتھ کو دیکھنے اوراپنے نذرانے پیش کرنے کے لئے صبح سے شام تک شہر اور مضافات سے آنے والے بھکتوں کی بھیڑ لمبی قطار میں لگی رہی۔
شام کو پانچ بجے کے قریب رتھ کو مندر کے سامنے سے شہر میں گشت پر کھینچ کر لانے سے قبل برسہا برس سے چلی روایت کے مطابق سلطان اسٹریٹ پر واقع چرکن شاہ بندری گھرانے کے زکریا انصاری اور جین گھرانے تک پہنچ کر رتھ اتسوا میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ اس طرح مختلف مذاہب کی باہمی آہنگی کے ساتھ منعقد ہونے والے اس اتسوا کی کارروائی آگے بڑھی۔
خوبصورت مذہبی جھنڈیوں سے سجائے گئے بھاری رتھ کو بھکتوں کے ذریعے موٹی رسیوں کی مدد سے کھینچتے ہوئے پھول بازار، مین روڈ اور کار اسٹریٹ سے گزار کو واپس مندر کے احاطے میں پہنچایا گیا۔ ایک اندازے کے مطابق رتھ اتسوا میں دس ہزارسے زائد بھکتوں نے شرکت کی۔
ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا، ان کی بیٹی بینا وئیدیا، سابق ایم ایل اے سنیل نائک، بی جے پی کے سینئر لیڈر گووند نائک، بی جے پی صدر لکشمی نارائن نائک وغیرہ کے علاوہ ہندو سماج اور مندر انتظامیہ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
تحصیلدار ناگیندرا کولاشیٹی، کاروار سے تشریف فرما ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس دیپن ایم این، ایڈیشنل ایس پی کرشنا مورتی کی رہنمائی اوربھٹکل ڈی وائی ایس پی گریش بی کی نگرانی میں پولس انسپکٹر دیواکر کی ٹیم نے بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کو شامل رکھتے ہوئے حفاظتی بندوبست کی کارروائی بحسن و خوبی انجام دی۔