چنئی ، 29/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)تمل ناڈو میں 2026 کے اسمبلی انتخاب سے قبل ’تملگا ویٹری کزگم‘ (ٹی وی کے) کے سربراہ تھلاپتی وجے نے اتوار کو اپنی پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے 234 اسمبلی سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اداکار سے سیاستداں بنے وجے خود 2 سیٹوں سے انتخاب لڑیں گے، وہ تریچی ایسٹ اور چنئی کے پرمبور سے میدان میں اتریں گے۔ دونوں سیٹوں پر ان کا نام سی جوزف وجے کے طور پر درج ہے، یہ پہلی بار ہے جب وہ براہ راست انتخابی میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری این. آنند ٹی۔ نگر سے، خزانچی وینکٹ رمنن مائلہ پور سے اور آدھو ارجن ولّیواکم سے انتخاب لڑیں گے۔ اس کے علاوہ گوبی چیٹی پالیم سے کے. سینگوٹّیان، تروچینگور سے کے. جی. ارجن راج، تروپرن کنڈم سے سی. ٹی. آر. نرمل کمار، تھاؤزینڈ لائٹس سے جے. سی. ڈی. پربھاکر، کولاتھور سے وی. ایس. بابو اور آر. کے. نگر سے ڈاکٹر ماریہ ولسن کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
امیدواروں کے اعلان کے ساتھ ساتھ وجے نے نوجوانوں کے لیے کئی بڑے وعدے بھی کیے۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ اگر ’ٹی وی کے‘ کی حکومت بنی تو 29 سال سے زائد عمر کے ان نوجوانوں کو ہر ماہ 4000 روپے دیے جائیں گے جنہیں اب تک ملازمت نہیں ملی ہے۔ ڈپلومہ ہولڈرز کو ہر ماہ 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ’تامل ایمپلائمنٹ کریڈٹ سسٹم‘ کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس کے تحت جو نجی کمپنیاں اپنے 75 فیصد ملازمین تمل ناڈو کے مقامی لوگوں میں سے رکھیں گی، انہیں ایس جی ایس ٹی میں 2.5 فیصد اور بجلی کے بل میں 5 فیصد رعایت دی جائے گی۔
امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے وجے جذباتی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایسے لوگوں کا انتخاب کیا ہے جو عوام کی بات سنیں گے اور ان کے مسائل کا حل نکالیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح میں نے اپنا فلمی کیریئر چھوڑ کر عوام کی خاطر سیاست میں قدم رکھا، اسی طرح یہ امیدوار بھی عوام کے لیے وقف ہیں۔ وجے نے لوگوں سے ایک موقع دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار ان سے الگ نہیں ہیں اور وہ خود بھی الگ نہیں ہیں، سب ایک ہی مقصد کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تامل ناڈو کی سیاست میں یہ ایک بڑا لمحہ تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ ایک بڑے فلم اسٹار کا اس طرح براہ راست انتخابی میدان میں اترنا اور پوری ریاست میں امیدوار کھڑے کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ’ٹی وی کے‘ اس الیکشن کو پوری سنجیدگی سے لڑنے کے لیے تیار ہے۔