نئی دہلی ، 29/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اور آبنائے ہرمز کے بند ہونے سے پیدا ہونے والے توانائی بحران کے درمیان ہندوستان نے سری لنکا کو بڑی راحت دی ہے۔ ہندوستان نے ایمرجنسی مدد کے طور پر کل 38000 میٹرک ٹن پٹرولیم مصنوعات سری لنکا کو فراہم کی ہیں، جس میں 20000 میٹرک ٹن ڈیزل اور 18000 میٹرک ٹن پٹرول شامل ہیں۔
سری لنکا نے اس مدد کے بعد کھلے طور پر ہندوستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کولمبو میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن کے مطابق یہ سپلائی ایسے میں کی گئی جب ایران جنگ کی وجہ سے عالمی سپلائی چین متاثر ہو چکی تھی اور سری لنکا کو شدید ایندھن کے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ سری لنکا کے اہم اپوزیشن لیڈر سجیت پریمداسا نے بھی ہندوستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اصلی رشتوں کی پہچان بحران کے وقت ہوتی ہے اور ہندوستان نے اس مشکل وقت میں ساتھ دے کر اسے ثابت کر دیا ہے۔
سری لنکا نے جنوری میں چین کی سرکاری توانائی کمپنی ’سینوپیک‘ کے ساتھ ہمبنٹوٹا بندرگاہ کے پاس 200000 بیرل گنجائش والی آئل ریفائنری بنانے کے لیے لیے 3.7 ارب ڈالر کا سمجھوتہ کیا تھا۔ لیکن آبنائے ہرمز بند ہونے کے بعد پیدا ہونے والے بحران کے وقت چین نے اب تک کوئی مدد فراہم نہیں کی۔ پریمداسا کے اس بیان کو چین کی بالواسطہ تنقید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مغربی ایشیا میں جنگ کی وجہ سے کئی بین الاقوامی فراہم کنندگان نے ’فورس میجیور‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ایندھن کی فراہمی سے انکار کر دیا۔ جہازوں کی کمی اور سمندری راستوں میں رکاوٹ کی وجہ سے سری لنکا بحران میں پھنس گیا تھا۔ ایسے میں ہندوستان انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) کے ذریعہ فوری طور پر ایمرجنسی سپلائی فراہم کرائی۔
اس سے قبل 24 مارچ کو وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی، جس میں مغربی ایشیا کے حالات، سپلائی چین میں رکاوٹ اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادہ خیال کیا گیا تھا۔ جبکہ 23 مارچ کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتا ہیراتھ کے درمیان بھی بات چیت ہوئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ سری لنکا میں ایندھن کے بحران کے باعث حال ہی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 25 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت 398 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 382 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ حالات اتنے سنگین ہو گئے کہ حکومت نے 4 دن کا ’ورکنگ ویک‘ نافذ کیا اور ’ورک فروم ہوم‘ کو بھی فروغ دیا۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی سپلائی ہوتی ہے، جس کے بند ہونے سے حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔ سری لنکا مکمل طور پر درآمد شدہ تیل پر منحصر ہے، ایسی میں ہندوستان کی یہ مدد اس کے لیے کسی آب حیات سے کم نہیں ہے۔