ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بارش میں بھٹکل فورلین منصوبے کی قلعی کھل گئی؛ شمس الدین سرکل کے اطراف تالاب کا منظر، کچی سڑکیں کیچڑ میں تبدیل

بارش میں بھٹکل فورلین منصوبے کی قلعی کھل گئی؛ شمس الدین سرکل کے اطراف تالاب کا منظر، کچی سڑکیں کیچڑ میں تبدیل

Sun, 17 May 2026 00:07:18    S O News
بارش میں بھٹکل فورلین منصوبے کی قلعی کھل گئی؛ شمس الدین سرکل کے اطراف تالاب کا منظر، کچی سڑکیں کیچڑ میں تبدیل

بھٹکل، 16 مئی (ایس او نیوز): بھٹکل میں سنیچر شام ہونے والی آدھے گھنٹے کی بارش نے ایک بار پھر نیشنل ہائی وے-66 فورلین منصوبے کے انتظامات اور نکاسیٔ آب کے دعووں پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا۔ شدید گرمی سے پریشان عوام نے بارش سے وقتی راحت تو محسوس کی، مگر شہر کے مرکزی علاقوں، خصوصاً شمس الدین سرکل، رنگین کٹہ اور کئی مقامات پر ہائی وے کنارے پانی جمع ہوجانے سے سڑکیں دوبارہ کیچڑ اور دلدل کا منظر پیش کرنے لگیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ اس سے قبل جمعرات شام ہوئی پہلی بارش میں بھی کم و بیش یہی صورتحال سامنے آئی تھی، جب معمولی بارش کے بعد کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا تھا۔ سنیچر کی دوسری بارش نے عوام کے خدشات کو مزید تقویت دی ہے کہ اگر قبل از مانسون کی مختصر بارشوں میں یہ حال ہے تو اصل مانسون کے دوران شہر کو کہیں زیادہ سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

IMG-20260516-WA0102-1

شہر کے مرکزی حصے میں فورلین ہائی وے کا کام اس وقت تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ پانی کی نکاسی کے لئے مختلف مقامات پر سڑک کنارے کھدائی کی گئی ہے اور پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے، مگر بارش کے بعد ہائی وے کنارے کئی کچے راستے کیچڑ میں تبدیل ہوگئے۔ راہگیروں، دکانداروں اور دوپیہ گاڑی سواروں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

مقامی عوام کافی عرصے سے خدشہ ظاہر کررہے تھے کہ مناسب ڈرینج نظام مکمل کئے بغیر فورلین سڑک کی تعمیر آگے بڑھانے سے بارش کے دوران ہائی وے کے اطراف کا علاقہ پانی میں ڈوب سکتا ہے۔ کئی ذمہ دار شہریوں اور تاجروں نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ بارش شروع ہوتے ہی شمس الدین سرکل اور اطراف کے علاقے “تالاب” کا منظر پیش کریں گے۔ سنیچر شام قریب آٹھ بجے سے ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان ہونے والی بارش نے ان خدشات کو ایک بار پھر سچ ثابت کردیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پہلی بارش کے بعد دوسری بارش میں بھی یہی صورتحال برقرار رہی تو موسلادھار مانسون بارشوں کے دوران پانی دکانوں اور قریبی مکانوں میں داخل ہونے کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔ عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مانسون کی آمد سے قبل نکاسیٔ آب کا مؤثر اور مستقل انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ادھر، بارش سے موسم خوشگوار ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی اور کئی گھنٹوں تک بجلی بند رہنے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بھٹکل میں اب بارش ہو یا نہ ہو، بجلی غائب ہوجانا گویا معمول بنتا جارہا ہے۔


Share: