شاہ جہاں پور( اتر پردیش): 23 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے منگل کو کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت بنتے ہی جموں کشمیر سے دفعہ370 ہٹائی جائے گی ۔موریہ نے ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت بنتے ہی نریندر مودی وزیر اعظم بنیں گے اور جموں کشمیر سے دفعہ 370 کو ختم کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک سے دہشت گردی ختم ہو جائے گی اور آنے والے وقت میں راہل گاندھی اٹلی اور اکھلیش یادو سیفئی چلے جائیں گے۔موریہ نے کہا کہ سرسوتی جی نہ تو سائیکل پر بیٹھتی ہیں اور نہ ہی پنجے پر وہ تو صرف کمل کے پھول پر بیٹھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پانی کے بغیر مچھلی تڑپتی رہتی ہے، اسی طرح کانگریس بسپا۔ایس پی کو اقتدار سے الگ کر دو۔یہ تینوں مچھلی کی طرح تڑپتے نظر آئیں گے۔