بھوپال، یکم نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے پولیس انکاؤنٹر میں مبینہ طورپر سیمی سے تعلق رکھنے والے 8 لوگوں کے کی موت پر ہورہی سیاست کی آج سخت مذمت کی اور دعوی کیا کہ یہ خطرناک دہشت گردتھے جو بڑی تباہی مچا سکتے تھے۔ہیڈ کانسٹیبل رما شنکر یادو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد چوہان نے نامہ نگاروں سے کہاکہ مجھے اس پر ہو رہی سیاست سے بڑی تکلیف ہوئی ہے۔کچھ سیاسی لیڈر شہیدوں کی شہادت سے اپنی آنکھیں پھیر لیتے ہیں۔انہیں رما شنکر یادو کی قربانی نظر نہیں آتی ۔یہ وہ دہشت گرد تھے جنہوں نے پہلے رتلام میں پولیس اہلکار شیو پرتاپ کشواہا کا قتل کیا اور پھر کھنڈوا میں سیتارام یادوکی جان لے لی۔اب انہوں نے رما شنکر یادو کو مار ڈالا۔انہوں نے کہاکہ اگر شہید جوانوں کے تئیں یکجہتی اور ہمدردی ہوتی، تو مجھے بات سمجھ میں آتی،لیکن وہ ایسے واقعات کو لے کر ووٹ بینک کی سیاست کر رہے ہیں۔قابل ذکرہے کہ کل بھوپال کی سینٹرل جیل سے فرار ہونے کے وقت سیمی کے ان کارکنوں نے یادو کو مار ڈالا تھا۔وزیر اعلی نے دعوی کیا کہ جو لوگ مارے گئے ہیں وہ خطرناک دہشت گرد تھے جو فرار ہونے میں کامیاب ہو جانے پر خوفناک تباہی مچا سکتے تھے۔چوہان نے کہاکہ کچھ لیڈر ان دہشت گردوں کو لے کر شور شرابہ کر رہے ہیں لیکن شہید جوانوں کو لے کرہمدردی کے ایک لفظ بھی نہیں بول رہے ہیں۔میں ایسے لیڈرو ں اور وہ جو گندی سیاست کر رہے ہیں، اس کی مذمت کرتا ہوں،لیکن حکومت اور عوام کے لیے ملک اور ریاست سب سے اوپر ہے اور میں سبھی سے گندی سیاست بند کرنے کی اپیل کرتا ہوں، ملک سے محبت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یادو نے تنہا ہی دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے اور انہیں بھاگنے سے روکنے کی کوشش کی اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں انہوں نے اپنی جان قربان کر دی۔انہوں نے یادو کے دو بیٹوں کے فوج میں ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایسا محب وطن خاندان ہے جہاں سے دو بیٹے اب بھی ملک کی سرحد کی حفاظت کے لیے اپنی خدمات دے رہے ہیں۔چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومت اس خاندان کا خیال رکھے گی اور انہوں نے یادو کے خاندان کے لیے 10لاکھ روپے معاوضہ کی رقم اور ان کی بیٹی کی شادی کے لیے الگ سے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔یادو کی بیٹی کی شادی دسمبر میں ہے۔وزیر اعلی نے کہاکہ اس کالونی کا ، جہاں یادو رہتے تھے، نام شہید رماشنکر یادو کالونی رکھا جائے گا اور ان کا ایک مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا ۔رقم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی اور جب بھی ضرورت ہو گی، خاندان کو مزید مدد اور پیسے فراہم کئے جائیں گے ۔