ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: زیر التواء مقدمات کے فوری تصفیہ کے لیے سات خصوصی ڈپٹی کمشنرز مقرر

بنگلورو: زیر التواء مقدمات کے فوری تصفیہ کے لیے سات خصوصی ڈپٹی کمشنرز مقرر

Sat, 23 Aug 2025 11:57:09    S O News

بنگلورو، 23 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی)  ریاستی حکومت نے بنگلور ضلع ڈپٹی کمشنر عدالتوں میں سالہا سال سے زیر التواء مقدمات کے جلد از جلد تصفیہ کے لیے سات خصوصی ڈپٹی کمشنرز کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ریاستی وزیر مالگزاری کرشنا بائرے گوڈا نے میڈیا کے ذریعے کیا۔

وزیر موصوف نے بتایا کہ مئی 2023 میں اقتدار سنبھالنے کے وقت بنگلور ضلع عدالتوں میں کل 7460 مقدمات زیر التواء تھے، جن میں سے 6393 مقدمات ایک سال سے زائد اور 4894 مقدمات پانچ سال سے زیادہ پرانے تھے۔ گزشتہ دو سال میں 3729 مقدمات نمٹائے گئے ہیں، تاہم اسی دوران 1545 نئے مقدمات بھی درج ہوئے، جس سے اب بھی 5276 مقدمات زیر التواء ہیں۔

کرشنا بائرے گوڈا نے کہا کہ موجودہ رفتار سے مقدمات نمٹانے پر تمام پرانے کیسز ختم کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے، جس سے عوام کو غیر معمولی مشکلات اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بعض اوقات دیر سے ملنے والا انصاف، انصاف سے محرومی کے مترادف ہوتا ہے‘‘۔

اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے سات نئے خصوصی ڈپٹی کمشنرز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں رمیش کے این، ایچ این گوپال کرشنا، مُلّائیموگِلن ایم پی، ڈاکٹر اروندھتی چندرشیکھر، سیلوا منی، ہونامبا اور ودیا کماری شامل ہیں۔ پہلے سے خدمات انجام دے رہے ایس این بال چندر اور ارچنا بھی اپنے فرائض جاری رکھیں گے، جس کے بعد خصوصی ڈپٹی کمشنرز کی کل تعداد نو ہو جائے گی۔

حکومت نے ہر خصوصی ڈپٹی کمشنر کو 500 تا 700 مقدمات تفویض کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ چھ ماہ کے اندر اندر برسوں سے زیر التواء مقدمات کا فیصلہ سنایا جا سکے اور عوام کو بروقت انصاف فراہم ہو۔


Share: