بنگلورو، یکم فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) بنگلورو کے رچمنڈ روڈ پر واقع اپنے دفتر میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے معروف رئیل اسٹیٹ تاجر اور کنفیڈنٹ گروپ کے چیئرمین سی جے رائے کے بڑے بھائی نے انکم ٹیکس حکام سے سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وضاحت کی جانی چاہیے کہ آخر ایسا کیا دباؤ تھا جس نے ان کے بھائی کو یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا۔
ایک ملیالم نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مرحوم کے بھائی نے الزام لگایا کہ انکم ٹیکس محکمہ کی کارروائیوں کے دوران سی جے رائے شدید ذہنی دباؤ میں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ انکم ٹیکس ٹیم نے ان کے ساتھ کس نوعیت کا برتاؤ کیا، لیکن حکام کو جواب دینا ہوگا کہ ایسا کیا ہوا جس کے بعد ان کے بھائی نے اپنی جان لے لی۔ انہوں نے بتایا کہ سی جے رائے گزشتہ تین سے چار دنوں سے غیر معمولی دباؤ میں تھے اور وہ انہیں تسلی دینے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اس انجام تک پہنچ جائے گا۔
مرحوم کے بھائی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سی جے رائے کو کسی مالی بحران کا سامنا نہیں تھا۔ ان کے مطابق نہ تو ان پر کوئی قرض تھا اور نہ ہی کاروباری سطح پر کسی فوری مالی پریشانی کی اطلاع تھی، بلکہ ان کے بینک کھاتوں میں خاطر خواہ رقم موجود تھی۔
اطلاعات کے مطابق سی جے رائے نے اپنے لائسنس یافتہ ہتھیار سے خودکشی کی۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب انکم ٹیکس محکمہ کی جانب سے ان کے دفاتر اور کمپنی کے دیگر مقامات پر مبینہ طور پر معلوم آمدنی سے زائد اثاثوں کے معاملے میں تلاشی کارروائیاں جاری تھیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس حکام پہلی بار 3 دسمبر 2025 کو کیرالا سے بنگلورو آئے تھے، جبکہ 28 جنوری 2026 کو دوبارہ چھاپہ مارا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی کارروائی کے سلسلے میں سی جے رائے کو دبئی سے واپس بلایا گیا تھا۔ گزشتہ تقریباً دو ماہ سے کمپنی کے مختلف ٹھکانوں پر تفتیشی کارروائیاں جاری تھیں، جن میں حالیہ چھاپہ رچمنڈ روڈ دفتر پر ڈالا گیا۔
سی جے رائے کا تعلق کیرالا سے تھا اور وہ لگژری گاڑیوں کے شوق کے لیے جانے جاتے تھے، تاہم قریبی افراد کے مطابق وہ اپنی پہلی گاڑی ماروتی 800 کو ہمیشہ اپنے پاس رکھتے تھے اور کہا کرتے تھے کہ یہی گاڑی انہیں سادگی اور زمین سے جڑے رہنے کا احساس دلاتی ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ وہ فلاحی کاموں میں بھی حصہ لیتے تھے۔ ایک رئیل اسٹیٹ نمائش کے دوران انہوں نے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو فلیٹس تحفے میں دینے کا اعلان کیا تھا، جسے سراہا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں کنفیڈنٹ گروپ نے کیرالا اور کرناٹک میں بڑے پیمانے پر رئیل اسٹیٹ منصوبے مکمل کیے اور خود کو خطے کے نمایاں اداروں میں شامل کیا۔
کنفیڈنٹ گروپ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک تعزیتی پیغام میں سی جے رائے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ جسمانی طور پر جدا ہو گئے ہیں، لیکن ان کا وژن اور اقدار کمپنی کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔ کمپنی کے مطابق ادارے کا ہر فرد اس نقصان پر گہرے صدمے میں ہے۔
ادھر بنگلورو سٹی پولیس کمشنر نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے، جس کی قیادت جوائنٹ کمشنر ومشی کرشنا کریں گے۔ اشوک نگر پولیس تھانے میں غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کے لیے ضروری وسائل اور عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔