نئی دہلی ، یکم فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک کا عام بجٹ آج لوک سبھا میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پیش کر دیا ہے۔ اس بجٹ کا براہ راست اثر شیئر بازار اور سونے چاندی کی قیمتوں پر پڑا ہے۔ حالانکہ کانگریس نے عام بجٹ کو پھیکا بتایا ہے، اس کے ساتھ ہی حکومت پر بھی کئی سوال کھڑے کیے ہیں۔
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’حالانکہ دستاویزات کا ابھی تفصیل سے مطالعہ کیا جانا باقی ہے، لیکن 90 منٹ کے بعد ہی یہ واضح ہو گیا ہے کہ بجٹ 27/2026 کے بارے میں جو بھاری ماحول بنایا گیا تھا، اس کے مقابلے یہ کہیں کم تر رہا ہے۔ یہ مکمل طور سے پھیکا ثابت ہوا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں لکھا کہ ’’تقریر بھی شفاف نہیں تھی، کیونکہ اس میں اہم پروگراموں اور منصوبوں کے لیے بجٹ مختص کرنے کے حوالے سے کوئی واضح معلومات نہیں دی گئیں۔‘‘
واضح رہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج نویں بار مرکزی بجٹ پیش کیا۔ اس بار ان کی بجٹ تقریر 85 منٹ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار انکم ٹیکس سلیب میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ وزیر خزانہ کے مطابق بجٹ 27-2026 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 4.3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
بجٹ تقریر کے دوران نرملا سیتا رمن نے کہا کہ ’’ہم دنیا کی سب سے بڑی معیشت بننے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے طے کیا ہے کہ ترقی کے ثمرات کسانوں، قبائلیوں، خواتین اور نوجوانوں تک پہنچیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ہم ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کی طرف کام کرتے رہیں گے۔ ہم عالمی مارکیٹ کے ساتھ طویل مدتی سرمایہ کاری کے وژن کے مطابق ہم آہنگ رہیں گے۔‘‘