ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / یومِ آزادی پر وزیراعلیٰ سدارامیا کا خطاب: اتحاد، مساوات اور ترقی پر زور، مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت، فلاحی منصوبوں کا ذکر

یومِ آزادی پر وزیراعلیٰ سدارامیا کا خطاب: اتحاد، مساوات اور ترقی پر زور، مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت، فلاحی منصوبوں کا ذکر

Sat, 16 Aug 2025 11:09:47    S O News
یومِ آزادی پر وزیراعلیٰ سدارامیا کا خطاب: اتحاد، مساوات اور ترقی پر زور، مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت، فلاحی منصوبوں کا ذکر

بنگلورو، 16 /اگست (ایس او نیوز/ایجنسی): وزیراعلیٰ سدارامیانے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے مرکزی خطاب میں قوم کو اتحاد، مساوات اور مشترکہ ترقی کا پیغام دیتے ہوئے آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے تمام مجاہدینِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی، سردار ولبھ بھائی پٹیل، مولانا ابوالکلام آزاد، جواہر لال نہرو، سبھاش چندر بوس اور بھگت سنگھ جیسے رہنماؤں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مانک شاہ پریڈ گراؤنڈ میں قومی پرچم لہرایا اور اپنے خطاب میں فوجیوں، کسانوں، مزدوروں، اساتذہ، سائنسدانوں اور تمام محنت کش طبقوں کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے حالیہ دہشت گردانہ واقعات اور  ہندوستان-پاکستان جنگوں میں شہید ہونے والوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سدارامیا نے کہا کہ ریاستی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود اور سماجی انصاف کے لیے متعدد ترقیاتی اور فلاحی اسکیمیں نافذ کی ہیں۔ خواتین کے لیے *شکتی منصوبہ*، نوجوانوں کے لیے *یواندھی* اور دیگر گارنٹی اسکیموں کی بدولت ریاست میں عوامی شمولیت بڑھی ہے۔ خواتین کی شرکت 23 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور اب تک ان اسکیموں پر 96,000 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے تعلیم اور صحت کے میدان میں سرکاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 5000 کروڑ روپے کی سالانہ سرمایہ کاری سے ان شعبوں میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ ریاست میں 13 نئے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیمی ادارے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سرکاری اسکولوں میں 8.36 لاکھ سے زائد بچے معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خواتین کے لیے “اکا کیفے” اور 1000 سے زائد اسٹارٹ اپس کا قیام ریاست کو ملک میں منفرد مقام دلاتا ہے۔

مزید برآں، غیر منظم مزدوروں کے لیے “کرناٹک مزدور پالیسی” اور 5 لاکھ سے زائد گِگ ورکروں کے لیے انشورنس اسکیم متعارف کروائی گئی ہے۔ زرعی شعبے میں گزشتہ دو برسوں کے دوران 51,339 کروڑ روپے کی مالی امداد، امدادی نرخوں اور پیداوار میں اضافے کے ذریعے کسانوں کو مستحکم بنایا گیا ہے۔ توانائی کے شعبے میں ریاست نے 24,000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے شہری ترقی کے منصوبوں کا بھی تذکرہ کیا، جن پر 1,35,000 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ان میں ڈبل ڈیکر سڑکیں، میٹرو توسیعی منصوبے، پانی کی سپلائی، پارکس، کھیل کے میدان اور ڈیجیٹل خدمات شامل ہیں۔ شہری علاقوں میں ای-کھاتہ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جو ملک کی سب سے بڑی ڈیجیٹل پراپرٹی اسکیم ہے۔

سدارامیا نے اپنے خطاب کے اختتام پر عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں سمجھیں اور ریاست کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔


Share: