بنگلورو، 4 اگست (ایس او نیوز / ایجنسی)بنگلورو سٹی پولیس کی سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) اور سائبر کرائم پولیس اسٹیشن نے ایک مشترکہ کارروائی انجام دیتے ہوئے جعلی آن لائن لیگل سروس فراہم کرنے والے ایک بڑے سائبردھوکہ باز گروہ کا پردہ فاش کر دیا ہے، جو ملک بھر میں سائبر فراڈ کے شکار افراد کو قانونی مدد فراہم کرنے کے بہانے کروڑوں روپے لوٹ رہا تھا۔
بنگلورو کے پولیس کمشنر مسٹر سیمانت کمار سنگھ (آئی پی ایس) نے آج پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس کارروائی کا آغاز رام مورتی نگر پولیس اسٹیشن میں 12 فروری 2025 کو نیشنل سائبر کرائم پورٹل پر درج ایک شکایت کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ کو سولار پلانٹ لگانے کے نام پر پہلے ہی 1.5 کروڑ روپے کا دھوکہ دیا گیا تھا۔ جب متاثرہ شخص نے قانونی مدد کے لیے آن لائن سروس تلاش کی، تو اسے "کوئیک موٹو لیگل سرویس" نامی ایک ویب سائٹ ملی، جس کے ذریعے مختلف ٹیلی کالرس نے رابطہ کر کے قانونی مدد کا جھانسہ دیتے ہوئے قسطوں میں 12.5 لاکھ روپے وصول کر لیے۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ کمپنی جعلی ہے اور اس کا کوئی حقیقی دفتر موجود نہیں۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسے سی سی بی سائبر کرائم ونگ کے حوالے کیا گیا، جہاں جوائنٹ پولیس کمشنر (کرائم) اجے ہیلوری (آئی پی ایس) کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ تحقیقات کے دوران بنگلورو کے کستوری نگر علاقے میں "انڈیا لیگل سرویس" کے نام سے چلائے جا رہے ایک جعلی کال سینٹر کا سراغ ملا۔ اس کال سینٹر میں 12 سے زائد ٹیلی کالرس کام کر رہے تھے جو VoIP ایپلیکیشن "Zoiper-5" کے ذریعے سائبر کرائم متاثرین سے رابطہ کرتے تھے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس نیٹ ورک کے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا بھائی دبئی میں بیٹھ کر متعدد جعلی کمپنیوں کے ذریعے یہ پورا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ گرفتار شدگان کے قبضے سے جعلی مہر، ہارڈ ڈسکس، چیک بکس، موبائل فون، سی پی یوز، ووڈافون سم کارڈز اور SIP ٹرنک سرور سے متعلق اہم دستاویزات ضبط کی گئی ہیں۔
اعلیٰ پولیس افسران کے مطابق یہ گروہ ملک بھر میں کروڑوں روپے کی غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث رہا ہے، اور نیشنل سائبر کرائم پورٹل پر اس گروہ کے خلاف 29 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ کامیاب کارروائی پولیس کمشنر سیمانت کمار سنگھ، جوائنٹ کمشنر کرائم اجے ہیلوری اور ڈی سی پی کرائم-2 راجا امام قاسم کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ اس کارروائی میں پولیس افسران سنتوش رام، اُمیش کمار، پی ایس آئی کوبیر، اشونی، اے ایس آئی شانتا کمار، ون راج، نوین، شری دیوی اور تکنیکی ماہرین سنیل و کرن تیلی نے اہم کردار ادا کیا۔