منگلورو 9 / جون (ایس او نیوز) ساحلی علاقے میں ریاستی ہائی کورٹ کی ایک بینچ کے قیام کا مطالبہ بہت دنوں سے چل رہا تھا اور اب اس بینچ کو مینگلورو میں قائم کرنے کے لئے ای میل کے ذریعے مہم چلائی جا رہی ہے ۔
ساحلی علاقے میں ہائی کورٹ بینچ کا مطالبہ معقول ہونے کے باوجود اُتر کنڑا والوں کے لئے ایک مسئلہ درپیش ہوگا ۔ بالفرض یہ مہم کامیاب ہوتی ہے اور مینگلورو میں ہائی کورٹ بینچ قائم کی جاتی ہے تو اتر کنڑا کے لوگوں کے لئے دھارواڑ بینچ کے مقابلے میں منگلورو بینچ کا فاصلہ زیادہ ہوگا ۔ اس لئے اس کا حل یہ ہے کہ مینگلورو کے بجائے درمیانی فاصلے کی جگہ ہونے کی بنیاد پر اُڈپی میں ہائی کورٹ بینچ قائم کرنے کے مطالبہ کے ساتھ ایک نئی مہم اُتر کنڑا میں شروع کرنے کے تعلق سے غور کیا جارہا ہے۔
منگلورو کی کراولی سنچاری ہائی کورٹ سمیتی اور مقامی ایس ڈی ایم لا کالج کے طلبہ کی جانب سے مینگلورو میں ہائی کورٹ کی سرکیوٹ بینچ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ لیکن سمجھا جارہا ہے کہ اگر یہ مطالبہ منظور ہوتا ہے تو فاصلے کی وجہ سے بھٹکل اور دیگر اطراف کے علاقوں کو چھوڑ کر اُتر کنڑا والوں کے لئے دھارواڑ کا ہی رخ کرنا زیادہ آسان ہوگا ۔
اتر کنڑا کے سرحد ی مقامات کی بات کریں تو ایک طرف بھٹکل کے لئے منگلورو 150 کلو میٹر دوری پر ہونے کے باوجود دھارواڑ کے مقابلے میں زیادہ قریب ہے جبکہ دوسری طرف ہلیال کے لئے 34.4 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہائی کورٹ کی دھارواڑ سرکیوٹ بینچ قریب ترین ہے اور منگلورو کا فاصلہ بہت زیادہ ہے ۔ البتہ آگے چل کر ہبلی - انکولہ ریلوے لائن شروع ہونے پر اتر کنڑا کے اندرونی علاقے سے لوگوں کے لئے منگلورو کی طرف آنے جانے میں کچھ آسانی ہو سکتی ہے ۔
اگر اُتر کنڑا کے مختلف شہروں سے دھارواڑ تک کے فاصلے پر غور کریں تو یہ دوری کاروار سے 169 کلو میٹر، کمٹہ سے 163 کلو میٹر، انکولہ سے 146 کلو میٹر، سرسی سے 124 کلو میٹر، بھٹکل سے 219 کلو میٹر، ہلیال سے 34 کلو میٹر، یلاپور سے 75 کلو میٹر اور منڈگوڈ سے 68 کلو میٹر ہے ۔ اس کے مقابلے میں مینگلورو کا فاصلہ کاروار سے 267 کلو میٹر، سرسی سے 272 کلو میٹر، سداپور سے 331 کلو میٹر اور کمٹہ سے تقریباً 200 کلو میٹر ہے ۔
جہاں تک ریاستی ہائی کورٹ کی سرکیوٹ بینچس کا تعلق ہے تو اس وقت دھارواڑ کے علاوہ کلبرگی میں بھی ایک سرکیوٹ بینچ قائم ہے ۔ اس لئے کلیان کرناٹکا، کتور کرناٹکا اور کراولی کرناٹکا کے علاقوں کے لئے ایک اور سرکیوٹ بینچ کا مطالبہ نہایت مناسب ہے ۔ بس مینگلورو کے بجائے درمیانی فاصلے پر موجود اُڈپی میں اس کا قیام ہو تو اُتر کنڑا کے زیادہ سے زیادہ عوام کے لئے استفادہ کرنا آسان ہو جائے گا ۔