بنگلورو، 14 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) وزیر صحت و خاندانی بہبود دنیش گنڈو راؤ نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے تمام ضلعی اسپتالوں میں عوام کو 24 گھنٹے معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمام خالی آسامیوں کو جلد پر کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ڈاکٹروں کی تعداد دگنی کر دی جائے گی۔
اسمبلی اجلاس کے وقفۂ سوالات کے دوران، کڈور حلقہ کے رکن اسمبلی آنند کے ایس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے بتایا کہ کڈور تعلقہ اسپتال 100 بستروں پر مشتمل ہے اور اس میں آئی سی یو کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس کے قریب چکمگلور ضلع اسپتال، بیرور سرکاری اسپتال اور تریکیرے تعلقہ اسپتال واقع ہیں۔ بیرور اسپتال میں سول کام، برقی مرمت، صفائی، چھت کی مرمت اور عملے کے رہائشی مکانات کی تزئین و آرائش جیسے بنیادی کام درکار ہیں، جو فنڈز کی دستیابی کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اسپتالوں میں موجود خالی ڈاکٹروں ی آسامیوں کو ترجیحی بنیاد پر پر کیا جائے گا اور مزید ڈاکٹروں کی تقرری کی جائے گی تاکہ مریضوں کو دن رات علاج کی سہولت میسر ہو۔
اُڈپی ضلع کے رکن اسمبلی یش پال اے سورنا کے سوال کے جواب میں وزیر صحت نے بتایا کہ اُڈپی ضلع اسپتال میں 126 اضافی بستروں کے لیے 162 نئی آسامیوں کی تجویز دی گئی ہے۔ نیا ضلع اسپتال 250 بستروں کی صلاحیت تک اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، برقی تنصیب مکمل ہو چکی ہے اور بجلی کنکشن فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ دیگر بنیادی ڈھانچے کے لیے 4.50 کروڑ روپے کا نظرثانی شدہ تخمینہ تیار کر کے رواں سال کے عملی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ اُڈپی اسپتال میں پہلے سے منظور شدہ 124 آسامیوں میں سے 69 خالی ہیں، جنہیں جلد پر کرنے کے ساتھ نئی آسامیوں کے قیام کی تجویز محکمہ خزانہ کو بھیجی جائے گی۔ اسی طرح بیرور اسپتال میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عملے کے مکانات کی مرمت و تزئین کے کام انجام دیے جائیں گے۔
دنیش گنڈو راؤ نے یقین دہانی کرائی کہ ریاست کے تمام ضلعی اسپتالوں میں جلد ہی 24 گھنٹے طبی خدمات فراہم کرنے کا انتظام مکمل کر لیا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج دستیاب ہو سکے۔