ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کانگریس کا الیکشن کمیشن پر دھاندلی چھپانے کا الزام، ملک گیر احتجاج کا اعلان

کرناٹک کانگریس کا الیکشن کمیشن پر دھاندلی چھپانے کا الزام، ملک گیر احتجاج کا اعلان

Tue, 12 Aug 2025 17:04:18    S O News
کرناٹک کانگریس کا الیکشن کمیشن پر دھاندلی چھپانے کا الزام، ملک گیر احتجاج کا اعلان

بنگلورو، 12 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک کانگریس کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر حالیہ انتخابات میں سنگین بے ضابطگیوں اور دھاندلیوں کو چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور انتخابی عمل کی پاکیزگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے صدر رمیش بابو اور سوشل میڈیا انچارج آیشوریا مہادیو نے پریس کانفرنس کی، جس میں راہول گاندھی کے ’’ووٹ چوری‘‘ کے الزامات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔

رمیش  بابو نے کہا کہ جمہوری ملک میں صاف و شفاف انتخابات ہی جمہوریت کی بنیاد ہیں، لیکن حالیہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ ان کے مطابق مہادیوپورا اسمبلی حلقے میں ایک لاکھ سے زائد جعلی ووٹ ڈالے گئے، جن میں ڈپلیکیٹ اندراجات، جعلی پتوں اور فارم 6 کے ناجائز استعمال کے شواہد ملے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل ووٹر لسٹ دینے سے انکار کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو ضائع کر کے تحقیقات روکنے کی کوشش کی۔

آیشوریا مہادیو نے کہا کہ ووٹ کا تحفظ ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے، اور انتخابی بے ضابطگیوں پر سوال اٹھانا جمہوریت کا لازمی حصہ ہے۔ ان کے مطابق مہادیوپورا ہی نہیں بلکہ بہار، دہلی اور مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو ضائع کرنا الیکشن کمیشن کی اپنی ذمہ داری سے غفلت کا ثبوت ہے۔

کانگریس رہنماؤں نے مزید الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے راہول گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کو دھمکیاں دے کر انتخابات کی شفافیت کو نقصان پہنچایا ہے، جو آئین کی روح کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لڑائی کسی ایک سیاسی جماعت یا فرد کی نہیں بلکہ ملک کے جمہوری نظام اور انتخابی عمل کی پاکیزگی کے تحفظ کی جنگ ہے۔

کانگریس نے بتایا کہ گزشتہ روز متعدد کانگریس اور انڈیا اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ انتخابی بے ضابطگیوں پر احتجاج کے لیے الیکشن کمیشن گئے تھے، جنہیں پولیس نے روک کر گرفتار کر لیا۔ اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا۔

پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے اپوزیشن رہنماؤں کو نوٹس بھیج کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، جو ناقابل قبول ہے۔ کانگریس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اس جدوجہد میں ساتھ دیں۔


Share: