ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مدّور میں گنیش وسرجن کے موقع پر فرقہ وارانہ تصادم - 21 افراد گرفتار

مدّور میں گنیش وسرجن کے موقع پر فرقہ وارانہ تصادم - 21 افراد گرفتار

Tue, 09 Sep 2025 11:29:06    S O News
مدّور میں گنیش وسرجن کے موقع پر فرقہ وارانہ تصادم - 21 افراد گرفتار

منڈیا، 9 / ستمبر (ایس او نیوز) گنیش کی مورتی وسرجن کرنے کے موقع پر مدّور شہر میں اس وقت فرقہ وارانہ تصادم ہوا جب جلوس میں شامل لوگوں نے الزام لگایا کہ ان پر مسجد کے پاس سے پتھراو کیا گیا ہے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق شہر کے کاویری نگر میں بٹھائی گئی گنیش کی مورتی کو ڈبونے کے لئے جانے والا جلوس جب سدھارتھ نگر سے گزر رہا تھا تو یہ معاملہ پیش آیا ۔ اس جلوس میں 70 سے 80 نوجوانوں کا گروپ جلوس لاوڈ اسپیکر   پراونچی آواز میں بھجن بجاتے ہوئے رقص کر رہا تھا ۔ اسی دوران مبینہ طور پر سڑک پر موجود مسجد کے پاس سے جلوس پر پتھراو کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے  جواب میں  جلوس میں شامل لوگوں نے بھی پتھراو شروع  کیا۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ سنگ باری کی وجہ سے چار پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے ہلکا سا لاٹھی چارج کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا گیا ہے ۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت اعلیٰ افسران نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ۔ امن و امان بحال رکھنے کے لئے اضافی پولیس فورس کو  تعینات کر دیا گیا ہے ۔ 

maddur-clashes

کیا کہتے ہیں ریاستی وزیر داخلہ ؟:  ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کا کہنا ہے کہ پتھراو کرنے والوں میں ہندوتوا تنظیم کے کارکنان بھی شامل ہیں ۔پیر کو  اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے  کہا گنیش مورتی وسرجن کے موقع پر ہوئے فرقہ وارانہ تصادم کے تعلق سے پولیس نے 20 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔ ان میں سے کس کس نے پتھراو کیا ہے یہ معلوم نہیں ہے ۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ہندوتوا تنظیم کے لوگ ہیں ۔ تحقیقات پوری ہونے کے بعد  ہی  سچائی سامنے آئے گی ۔
    
ضلع ایس پی کیا کہتے ہیں ؟ :ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ملیکا ارجن بالدنڈی نے بتایا ہے کہ مدور میں اتوار کی شب کو دو گروہوں کے درمیان ہوئی پتھر بازی کے معاملے میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ یہ واقعہ مسجد کے قریب والے علاقے میں پیش آیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر بجلی کی سپلائی بھی کاٹ دی گئی تھی ۔ اس کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہے ۔ تصادم کے وقت پولیس نے حالات پر قابو پاتے ہوئے گنیش مورتی وسرجن کے لئے موقع فراہم کیا ۔ اس واقعہ کے سلسلے میں دو معاملے درج کیے گئے ہیں ۔ یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے  کہ اس واقعہ میں کون کون شامل تھا ۔ مزید ملزمین کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا ۔ 
    
کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا :مدور کے معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے کہا کہ قصور چاہے کسی نے بھی کیا ہو، اسے بخشا نہیں جائے گا ۔ ایسے لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کے لئے پولیس کو ہدایت دی گئی ہے ۔  انہوں نے بی جے پی  پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فساد کے معاملے کو سامنے رکھتے ہوئے بی جے پی والے سیاست کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ 


Share: