بنگلورو، 30 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) کرناٹک کے مختلف حصوں میں گزشتہ چند دنوں سے جاری موسلا دھار بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں دریاؤں اور آبی ذخائر کے لبریز ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، ہزاروں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوب گئی ہے اور کسان شدید بحران سے دوچار ہیں۔
کلبرگی، یادگیر اور بیدر اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں جمعہ کو مسلسل بارش سے گاؤں اور کھیت پانی میں ڈوب گئے۔ کلبرگی کے جیورگی تعلقہ میں کسان خواجہ حسینی کے تقریباً 5,800 پپیتے کے درخت بہہ گئے، جس سے انہیں تقریباً 35 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ کپاس کی تیار فصلیں بھی برباد ہو گئیں۔ بینیٹھورا ذخیرہ سے بھاری پانی چھوڑنے کے بعد کلگی-ملگن پل ڈوب گیا جس سے آمد و رفت متاثر ہوئی۔
بیدر میں منجرا اور کرنجہ دریاؤں کے ابلنے سے کھیتوں اور گاؤں میں پانی بھر گیا۔ ضلع کے وزیر ایشور کھنڈرے نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لاکھ ہیکٹر سے زیادہ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے افسران کو 10 دنوں میں سروے مکمل کرنے اور کسانوں کو معاوضہ دینے کی ہدایت دی۔
اسی دوران تنگبھدرا ڈیم سے 55,512 کیوسک پانی چھوڑا گیا جس سے ندی کنارے کے گاؤں میں سیلابی الرٹ جاری کیا گیا۔ ہمپی اور انیگُندی کے کئی تاریخی مقامات اس سیزن میں پانچویں بار پانی میں ڈوب گئے۔
ساحلی اور ملناڈ کے علاقوں میں بھی بارش نے قہر ڈھایا۔ اتر کنڑا ضلع کے ہوناور تعلقہ میں گیروسوپا ڈیم سے 75,000 کیوسک پانی شاروتی ندی میں چھوڑا گیا، جس کے بعد مکینوں کو 15 راحت کیمپوں میں منتقل کیا گیا۔ بھٹکل شہر میں سڑکوں پر پانی بھرنے سے ٹریفک متاثر ہوا اور گوکارن-سرسی شاہراہ کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔ ہوناور میں معمولی زمین کھسکنے کی بھی اطلاع ملی۔ کاسل راک (اتر کنڑا) میں 24 گھنٹوں میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دکشن کنڑا اور اُڈپی اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شیموگہ گا میں لنگن مکّی ڈیم بھرنے کے قریب پہنچ گیا ہے اور جوگ فالس دوبارہ پوری آبشار کے ساتھ بہہ رہا ہے۔ تُنگا، بھدرا اور مانی کے ذخائر بھی لبریز ہو گئے ہیں۔
چکمنگلور اور کوڈاگو میں بھی لگاتار بارش نے نظام زندگی متاثر کر دیا ہے۔ کوڈاگو میں احتیاط کے طور پر اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا۔ زمین کھسکنے سے وایناد جانے والی تھماراسیری گھاٹ روڈ بند کر دی گئی، جس سے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا گیا۔ سمپا جے میں 115 ملی میٹر اور بھاگامنڈلا و ویرج پیٹ میں 100-100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔