وجے پور ، 18/ اگست (ایس او نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی بسون گوڑا پاٹل یتنال نے ہندو لڑکوں کو مسلم لڑکیوں سے شادی کرنے پر پانچ لاکھ روپے انعام دینے کی جو اشتعال انگیز ترغیب دی تھی اس کی مذمت کرتے ہوئے مسلم خواتین نے یتنال کی گاڑی کو کالی جھنڈیاں دکھاتے ہوئے روکنے کی کوشش کی اور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شہر میں سدی سری بینک کی عمارت کا افتتاح کرنے کے لئے جب یتنال کا قافلہ امبیڈکر سرکل پر پہنچا تو مسلم خواتین نے وہاں ہاتھوں پر کالی پٹیاں باند کر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا تو وہیں نوجوانوں کے ایک گروپ نے یتنال کی کار کا راستہ روکنے کی کوشش کی مگر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے ان پر قابو پا لیا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔
اس کے بعد جس جگہ بینک کی عمارت کا افتتاحی پروگرام چل رہا تھا وہاں پہنچ کر کالی جھنڈیا لہراتی ہوئی مسلم خواتین نے یتنال کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی، جب پولس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو مسلم خواتین اس بات پر بضد ہوئیں کہ ہمیں یتنال سے ملنا دیا جائے۔ انہوں نے پولس اہلکاروں سے کہا؛ " ہمیں چھوڑو ، ہمیں یتنال سے ملنا ہے" مگر پولیس نے اس کا موقع نہیں دیا ۔ اس دوران پولیس کے ساتھ مسلم خواتین کی بحث و تکرار شروع ہوگئی، جس کے بعد پولیس نے احتجاج کر رہی مسلم خواتین کو اپنی حراست میں لے لیا ۔
پولیس اسٹیشن کا محاصرہ :جب احتجاج کر رہی مسلم خواتین کو حراست میں لینے کی خبر پھیل گئی تو مسلم طبقے کے سیکڑوں افراد پولیس اسٹیشن کے احاطے میں جمع ہو گئے اور پولیس کے ساتھ بحث و تکرار کرنے لگے کہ "خواتین کو پولیس اسٹیشن میں کیوں لایا گیا ہے ؟ " پولیس اسٹیشن کا گھیراو کرنے والے لوگوں نے فوری طور پر ان خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔
اس کے بعد پی ایس آئی اروند انگڈی، سی پی آئی پاٹل نے مسلم لیڈروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم خواتین کو رہا کرتے ہوئے انہیں اپنے گھر جانے دیا ۔
اے پی سی آر نے داخل کی ایف آئی آر :ہندو نوجوانوں کو مسلم لڑکیوں سے شادی کرنے پر پانچ لاکھ روپئے کا انعام دینے کا اعلان کرنے اور ہندو لڑکوں کو ورغلانے کی کوشش کرنے کے الزام میں اسوسی ایشن فور دی پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) کی طرف سے وجے پور کے رکن اسمبلی بسون گوڈا پاٹل یتنال کے خلاف کلبرگی کے روضہ پولس تھانہ میں ایف آئی آر کی درج کی گئی ہے اور پولس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا اشتعال انگیز بیان کے خلاف یتنال کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ اے پی سی آر کی طرف سے قمر جُنید نے ایف آئی آر میں واضح کیا ہے کہ یتنال نے 11 اگست کو کوپل میں اس طرح کا اشتعال انگیز بیان دیا تھا۔ ان کی شکایت پر کلبرگی کے روضہ پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہیتا کی مختلف دفعات کے تحت یتنال کے خلاف ایک ایف آر آئی درج کی گئی ہے۔