بینگلورو، 6 / جنوری (ایس او نیوز) آزادی کے بعد طویل عرصے تک ریاست میں وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دینے کا 7 سال 239 دنوں کا جو ریکارڈ آنجہانی دیوراج ارس نے قائم کیا تھا سدارامیا نے آج اس کی برابری کر دی اور کل اس ریکارڈ کو توڑتے ہوئے 7 سال 240 ویں دن میں قدم رکھتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کریں گے ۔
ماضی میں کرناٹکا میں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے سب سے لمبے عرصے تک خدمت انجام دینے والوں میں دیوراج ارس کے بعد نجلنگپّا کا نام آتا ہے جنہوں نے 7 سال 175 دن تک خدمات انجام دی ۔ اس کے بعد رام کرشنا ہیگڑے 5 سال 216 دن اور بی ایس ایڈی یورپّا نے 5 سال 82 دن تک بطور ریاستی وزیر اعلیٰ خدمات انجام دیں ۔
خیال رہے کہ کانگریس پارٹی کے دیوراج ارس 1972-77 اور 1978-80 تک مسلسل دو میعادوں کے لئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تھے ۔
سدارامیا نے پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے 2013-18 تک پانچ سال کی میعاد پوری کی تھی ۔ اس وقت بھی سدارامیا نے پانچ سال کی میعاد پوری کرنے والے دیوراج ارس کی برابری کی تھی ۔ اب سدا رامیا نے ریاست میں سب سے زیادہ مدت تک وزارت اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالنے والوں کی فہرست میں اپنا نام آگے لے جانے کی شروعات کی ہے ۔
سدا رامیا نے دوسری مرتبہ 2023 کے انتخابات میں کانگریس کی زبردست جیت کے بعد وزیر اعلیٰ کے طور پر اقتدار سنبھالا جو اب تک جاری ہے ۔
سدا رامیا کے حصے میں ایک اور ریکارڈ یہ بھی ہے کہ انہوں سے سب زیادہ مرتبہ ریاستی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا ہے ۔ تا حال سدا رامیا نے 16 مرتبہ بجٹ پیش کیا ہے اور آئندہ فروری یا مارچ میں وہ 17 ویں بجٹ پیش کرنے والے ہیں ۔ سب سے زیادہ مرتبہ بجٹ پیش کرنے والوں کی فہرست میں دوسرا نام سابق وزیر اعلیٰ رام کرشنا ہیگڑے کا آتا ہے ۔
اتفاق کی بات ہے کہ دیوراج ارس اور سدا رامیا دونوں ہی میسورو سے تعلق رکھتے ہیں ۔ سدا رامیا کے حامیوں اور پارٹی کارکنان نے اس تاریخی موقع پر ریاست کے مختلف علاقوں میں جشن منانے کے لئے پروگرام ترتیب دے رہے ہیں ۔
اس حوالے سے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سدا رامیا نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ دیوراج ارس اور میں دونوں ہی میسورو سے تعلق رکھتے ہیں ۔ تعلقہ بورڈ سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے کبھی میں نے سوچا نہیں تھا کہ ایک دن میں بھی وزیر اعلیٰ بن جاوں گا ۔ بس ایک مرتبہ ایم ایل اے بننے کی خواہش تھی ۔ میں کُل 13 انتخابات میں سے آٹھ انتخابات میں جیت درج کی ہے ۔