ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / امریکا وینزویلا کے انتظام اور تیل پر قابض ہوگا، ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی دھمکی

امریکا وینزویلا کے انتظام اور تیل پر قابض ہوگا، ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی دھمکی

Mon, 05 Jan 2026 11:10:47    S O News

واشنگٹن، 5/ جنوری (ایس او نیوز / ایجنسی) امریکا نے وینزویلا پر بڑا فوجی حملہ کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکی فوجی جہاز کے ذریعے منتقل کر دیا۔ امریکی فوج کے خصوصی یونٹ ڈیلٹا فورس نے رات تقریباً 2 بجے کارروائی انجام دی، جس کے دوران وینزویلا کے سب سے بڑے فوجی مرکز پر میزائل داغے گئے۔ دارالحکومت کراکس سمیت مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔

کارروائی کے فوراً بعد امریکا نے غرب الہند کی فضائی حدود بند کر دیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کے خلاف فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے اور دونوں کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق مادورو کو ایک قلعے سے گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں فلوریڈا میں وزیر خارجہ مارکو روبیو اور جنرل ڈین کین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا میں مناسب انتقالِ اقتدار تک امریکا انتظامی امور اور تیل کے ذخائر خود سنبھالے گا، اور ضرورت پڑنے پر مزید فوج بھی اتاری جا سکتی ہے۔

امریکی صدر اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیوبا اور کولمبیا کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مادورو جیسا انجام ان کا بھی ہو سکتا ہے۔ چین سے متعلق خدشات پر سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے چینی صدر سے اچھے تعلقات ہیں اور چین کو تیل کی فراہمی جاری رہے گی۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا کی نائب صدر نے صدارتی حلف اٹھا لیا ہے، تاہم نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نکولس مادورو ہی وینزویلا کے واحد آئینی صدر ہیں اور انہیں اغوا کیا گیا ہے، وینزویلا کسی کی کالونی نہیں بنے گا۔

وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پادرینو لوپیز نے امریکی کارروائی کو ملک کی تاریخ کی ’’اب تک کی بدترین جارحیت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے شہری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، مگر وینزویلا ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے مطالبہ کیا کہ صدر مادورو اور خاتون اول کی زندگی کا ثبوت پیش کیا جائے۔ امریکی حملے کے بعد وینزویلا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ انہوں نے مادورو کی گرفتاری کی کارروائی براہِ راست دیکھی، اور اسے ایک ٹی وی شو سے تشبیہ دی۔ ان کے بقول کارروائی کی رفتار اور شدت حیران کن تھی اور دنیا کا کوئی دوسرا ملک ایسی کارروائی انجام نہیں دے سکتا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو سراہتے ہوئے اسے ’’ناقابلِ یقین کامیابی‘‘ قرار دیا۔

فلوریڈا میں پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا دوسرے حملے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔ انہوں نے کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کو بالواسطہ دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے واقعے کے بعد انہیں ’’سنبھل کر رہنا چاہیے‘‘۔ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ کولمبیا سے کوکین امریکا بھیجی جا رہی ہے اور وینزویلا کے دیگر سیاسی و عسکری رہنماؤں کو بھی خبردار کیا کہ مادورو جیسا انجام ان کا بھی ہو سکتا ہے۔

امریکی عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ صدر مادورو کی سیکیورٹی پر مامور محافظ کیوبن تھے، جو کیوبا کی حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہونا چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا وینزویلا کو اس وقت تک چلائے گا جب تک ایک محفوظ اور منصفانہ سیاسی انتقال ممکن نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دنیا کی بڑی امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا بھیجی جائیں گی، جو اربوں ڈالر خرچ کر کے تباہ شدہ تیل کے ڈھانچے کی مرمت کریں گی، تاہم وینزویلا کے تیل پر عائد پابندیاں برقرار رہیں گی۔

امریکی جنرل ڈین کین نے بتایا کہ مادورو کی گرفتاری کا یہ آپریشن کئی ماہ کی منصوبہ بندی اور مشقوں کا نتیجہ تھا، جس میں 150 سے زائد امریکی طیارے استعمال کیے گئے۔ صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ کارروائی کے دوران کاراکاس کی بجلی بند کر دی گئی تھی تاکہ مشن کو کامیابی سے انجام دیا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ کارروائی امریکی عوام کے لیے فخر کا باعث ہے، اور اس سے قبل ایسی مثال نہیں ملتی۔


Share: