ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / بنگلہ دیش: پولیس کی کارروائی میں 5 مشتبہ انتہا پسند ہلاک

بنگلہ دیش: پولیس کی کارروائی میں 5 مشتبہ انتہا پسند ہلاک

Thu, 11 May 2017 19:40:46    S.O. News Service

ڈھاکہ،11مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پولیس اہلکار سْمِت چوہدری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں ایک خاندان کے پانچ ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں اس کنبے کے والد، والدہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل تھے۔ چوہدری کے بقول جب پولیس اہلکار ان مشتبہ جنگجوؤں کے ٹھکانے پر پہنچے تو وہاں موجود افراد نے اچانک دو دستی بم پھینکے اور ایک فرد نے آگ بجھانے والے عملے کے ایک رکن پر لوہے کی ایک سلاخ سے حملہ کر دیا۔ اس کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پانچوں کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران ایک دو ماہ کے اور ایک سات سالہ بچے کو بچا بھی لیا گیا اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ متعلقہ مکان میں اب بھی ایک عورت چھپی ہوئی ہے۔
سْمِت چوہدری نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی یہ اطلاع ملنے کے بعد کی کہ ملک کے جنوب مغربی حصے میں راج شاہی ضلع کے حباشپور نامی ایک گاؤں میں ایک مکان کے اندر اسلام پسند کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش کے چند مشتبہ ارکان نے پناہ لے رکھی ہے۔ اس اطلاع پر پولیس نے جمعرات کی صبح کارروائی کی۔
ڈھاکا حکومت ملک میں مذہبی اقلیتوں اور غیر ملکیوں کے خلاف متعدد خونریز حملوں کی ذمہ داری جماعت المجاہدین بنگلہ دیش پر عائد کرتی ہے۔ ایسا ہی ایک حملہ گزشتہ سال دارالحکومت کے ایک کیفے پر کیا گیا تھا، جس میں بائیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد غیر ملکی تھے۔


Share: