ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / ’نیو سلک روڈ فورم‘ صدی کا بہترین منصوبہ ہے، شی جن پنگ

’نیو سلک روڈ فورم‘ صدی کا بہترین منصوبہ ہے، شی جن پنگ

Sun, 14 May 2017 19:47:26    S.O. News Service

بیجنگ 14مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چین کی میزبانی میں ’نئی شاہراہ ریشم‘ کے موضوع پر بین الاقوامی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اجلاس کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے ایشیا اور یورپ کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ ایشیائی اور یورپی ممالک کے درمیان یہ تعاون تمام شعبوں میں ہو گا، جن میں انسداد دہشت گردی اور مالیاتی معاملات بھی شامل ہوں گے۔ شی جن پنگ کے بقول،’’بے شک یہ ذہین افراد کا ایک اجتماع ہے۔‘‘ انہوں نے مشکلات کی شکار اس دنیا کے لیے اسے اس صدی کا بہترین منصوبہ قرار دیا۔ اس دو روزہ اجلاس میں دنیا کے سو سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہیں، جن میں تقریباً تیس ممالک کے سربراہ مملکت وحکومت بھی شامل ہیں۔چین کے اس نیو سلک روڑمنصوبے کا مقصد ایک ایسی اقتصادی راہ داری قائم کرنا ہے، جس کے ذریعے ایشیا، یورپ اور افریقہ کو زمینی اور سمندری راستے کے ذریعے ایک دوسرے سے بہتر انداز میں ملایا جائے گا۔ اس دوران تعمیر کی جانے والی بندرگاہوں، سڑکوں، ریلوے کے نظام اور بنیادی ڈھانچے کے دیگر منصوبے کے لیے چین نے کئی ارب ڈالر کا اعلان کیا ہے۔ تاہم بیجنگ حکومت اس سلسلے میں مزید سرمایہ کاروں کی تلاش میں بھی ہے۔نیو سلک روڈ کانفرنس اس سال چینی صدر کی میزبانی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا اجلاس ہے۔ آج اتوار کو وفود مختلف نشستوں میں شرکت کریں گے، جن کا مقصد اس منصوبے کی تفصیلات پر غور کرنا ہے۔ نئی شاہراہ ریشم کا دائرہ کم از کم پینسٹھ ممالک تک پھیلا ہو گا۔ کچھ مغربی ممالک نے اس اجلاس پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کانفرنس عالمی سطح پر چینی اثر و رسوخ کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔ اس اجلاس میں شریک روسی صدر ولادی میر پوٹن نے خبردار کیا کہ تحفظ تجارت یا پروٹیکشینزم ایک معمول بنتاجارہاہے۔اسی طرح ترک سربراہ مملکت رجب طیب ایردوآن کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار اداکرے گا۔ بیجنگ میں ہونے والا یہ اجلاس کل پیر تک جاری رہے گا۔


Share: