ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بینگلورو : ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کے تعلیمی اداروں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا چھاپہ

بینگلورو : ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کے تعلیمی اداروں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا چھاپہ

Thu, 22 May 2025 15:16:04    S O News

بینگلورو، 22 / مئی (ایس او نیوز) ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور کے تعلیمی اداروں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ٹیموں نے چھاپہ مارا اور مالی لین دین سے متعلقہ کاغذات کی جانچ پڑتال کی ۔ اس پس منظر میں سیاسی سطح پر گرما گرم بحث تیز ہوگئی ہے ۔
    
اطلاعات کے مطابق ٹمکورو میں موجود ڈاکٹر جی پرمیشور کی ملکیت والے سدھارتھ گروپ آف انسٹی ٹیوشنس پر ای ڈی کا چھاپہ مبینہ طور غیر قانونی طور مالی لین دین [منی لانڈرنگ] ہونے کے شبہ میں کیا گیا ہے ۔ سیاسی حلقوں میں اسے بین الاقوامی سطح پر ہو رہی گولڈ اسمگلنگ اور اس سے متعلقہ ریکیٹ میں شامل رانیا راو کی گرفتاری سے بھی جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے 30 سے زائد افراد پر مشتمل مختلف ٹیموں نے بیک وقت کئی ٹھکانوں پر صبح ۹ بجے کے وقت اچانک چھاپہ مارا، جن میں سدھارتھ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل ٹمکورو، سدھارتھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، سدھارتھ انجینئرنگ کالج، سدھارتھ نگر میں واقع سدھارتھ گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے ہیڈ آفس، نیلمنگلا میں واقع سدھارتھ میڈیکل کالج کیمپس، ڈاکٹر پرمیشور کے آبائی گھر وغیرہ شامل ہیں ۔ ای ڈی افسران نے ان تمام ٹھکانوں پر دستاویزات اور اکاونٹس سے متعلقہ کاغذات کی جانچ کی ہے ۔ 
    
کہا جاتا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے ڈاکٹر پرمیشور نے ٹمکورو کے مضافات میں موجود ایچ ایم ایس انجینئرنگ کالج خریدا تھا ۔ مبینہ طور پر اس سودے میں بڑے پیمانے پر مالی لین دین ہوا ہے ، جس کی جانچ کے لئے  انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے چھاپہ ماری کی تھی ۔
    
یاد رہے کہ چار سال قبل بھی ڈاکٹر پرمیشور کے تعلیمی اداروں پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے بھی اسی طرح چھاپہ ماری کی تھی اور مبینہ طور پر کئی کروڑ روپوں کی غیر محسوب نقدی ضبط کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کا کیس رجسٹر کیا تھا ۔
    
ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کے تعلیمی اداروں پر انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کی چھاپہ ماری پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے کہا کہ ڈاکٹر جی پرمیشور دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک اہم لیڈر ہیں ۔ ان کی ملکیت والے تعلیمی اداروں پر ای ڈی کی چھاپہ ماری کے ذریعے مرکزی حکومت  انتقامی سیاست کر رہی ہے ۔ دلتوں اور او بی سی کو نشانہ بنا کر بی جے پی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے  چھاپے مارنے کی کارروائیاں انجام دے رہی ہے ۔ 
     
کرناٹکا معاملات کے انچارج کانگریس پارٹی کے رندیپ سنگھ سورجے والا نے کہا کہ "کل ہوسپیٹ میں کانگریسی حکومت نے پسماندہ ذات اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کو جو زمین کی ملکیت فراہم کی ہے، اسے بی جے پی برداشت نہیں کر پا رہی ہے ۔ ریاست کرناٹکا کے ایک بڑے دلت قائد وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور کے تعلیمی اداروں پر ای ڈی کے ذریعے مارے گئے چھاپے بدنیتی پر مبنی ہیں ۔" 


Share: