ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بینگلورو : وزیر اعلیٰ نے کہا : اردو کے لئے 100 کروڑ روپوں کی گرانٹ پر بی جے پی کا پروپگنڈہ جھوٹا اور فرقہ وارانہ ہے

بینگلورو : وزیر اعلیٰ نے کہا : اردو کے لئے 100 کروڑ روپوں کی گرانٹ پر بی جے پی کا پروپگنڈہ جھوٹا اور فرقہ وارانہ ہے

Wed, 28 May 2025 19:23:21    S O News

بینگلورو ، 28 / مئی (ایس او نیوز) اردو کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے 100 کروڑ روپوں کی گرانٹ منظور کیے جانے پر بی جے پی جس طرح  سوشیل میڈیا پر کانگریس پارٹی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے پوسٹرس اور میمس نشر کر رہی ہے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اس پروپگنڈہ کو جھوٹ اور فرقہ وارانہ  قرار دیا ۔
    
وزیر اعلیٰ نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "100 کروڑ روپے اردو اسکولوں کا معیار بڑھانے، بہتر کلاس روم، اساتذہ ، نصابی کتابیں اور انفراسٹرکچر تیار کرنے کے لئے منظور کیے گئے ہیں ۔ یہ صرف زبان کے لئے نہیں بلکہ بہت سارے طلبہ کو تعلیم فراہم کرنے والے اسکولوں کی مجموعی حالت کو بہتر بنانے کے لئے ہیں ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے پر بی جے پی عام وضاحت پیش کرے اور اس خطرناک اور پھوٹ ڈالنے والے پروپگنڈہ کے لئے معافی مانگے ۔"
    
انہوں نے اس گرانٹ کو مذہبی خوشنودی کا رنگ دینے پر بی جے پی کو لتاڑتے ہوئے کہا " یہ جان بوجھ کر فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے کی کوشش ہے ۔ کسی بھی زبان کو ایک مخصوص طبقے سے جوڑنا اس زبان کی بے عزتی کرنے جیسا ہے ۔"
    
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ " کرناٹکا کی حکومت تمام زبانوں کا احترام کرتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ تُولو، کونکنی، کوڈاوا، بیاری وغیرہ کے لئے الگ الگ اکیڈمیاں ہیں جنہیں سالانہ 80 لاکھ روپے کی گرانٹ دی جاتی ہے اس کے علاوہ ثقافتی سرگرمیوں کے لئے اضافی فنڈ بھی دیا جاتا ہے ۔"
    
کنڑا کو نظر انداز نہیں کیا گیا :سدا رامیا نے بی جے پی کے اس الزام کو بھی مسترد کر دیا کہ ریاستی حکومت کنڑا زبان کو نظر انداز کر رہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ " یہ لوگ ایک جھوٹا بیانیہ پھیلا رہے ہیں کہ ریاستی حکومت کنڑا کو نظر انداز کر رہی ہے اور اردو کو زیادہ فنڈز دے رہی ہے ۔ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ یہ فرقہ وارانہ تناو بڑھانے کے لئے جان بوجھ کر کی گئی کوشش ہے ۔ یہ بدبختی کی بات ہے کہ ایک نیشنل سطح کی پارٹی غیر ذمہ دارانہ طریقے سے انٹرنیٹ پر ٹرولنگ کر رہی ہے اور بے بنیاد جھوٹ پھیلا رہی ہے ۔"
    
کنڑا اسکولوں کا فنڈ :ریاستی حکومت کی طرف سے کنڑا اسکولوں کو فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں اس کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے کہا کہ سال 2025 -26 کے لئے حکومت کی طرف سے ڈپارٹمنٹ آف پرائمری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو 34,438 کروڑ روپے، سوشیل ویلفیئر اور دیگر محکمہ جات کے تحت آنے والے اسکولوں کے لئے 4,150 کروڑ روپے منجملہ 38,668  کروڑ روپے دئے گئے ۔ یہ سارا کنڑا میڈیم اسکولوں کے لئے ہی ہے ۔ اس کے علاوہ سرکاری اسکولوں کا انفرا اسٹرکچر اور دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لئے 999.3 کروڑ روپے الگ سے مختص کیے گئے ہیں ۔ یہ سب کنڑا تعلیم کو تقویت دینے کے لئے ہے ۔ لہٰذا بی جے پی جب یہ کہتی ہے کہ کنڑا کو صرف 32 کروڑ روپے دئے گئے ہیں تو وہ جھوٹ بولتی ہے ۔"
    
ڈپارٹمنٹ آف کنڑا اینڈ کلچر :کنڑا زبان کی حمایت کے سلسلے میں سدا رامیا نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کنڑا زبان کے لئے مخصوص ایک کنڑا اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ ہے جس کے تحت 14 اکیڈمیاں، تین اتھاریٹیز اور کنڑا مصنفین کےنام پر 24 ٹرسٹ کام کر رہے ہیں ۔ جو کنڑا زبان، لٹریچر اور وراثت کو فروغ دے رہے ہیں ۔کانگریس کے لئے کنڑا محض ایک زبان نہیں ہے ۔  یہ ہماری شناخت، فخر اور مادری زبان ہے ۔ ہماری حکومت کنڑا کی حمایت میں جم کر کھڑے ہیں ۔  ہم اپنی زمین، پانی یا زبان کے حوالے سے کبھی کوئی مفاہمت نہیں کریں گے اور ہمارے ثقافت کے بے عزتی کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے ۔   


Share: