برہماور 4 / اپریل (ایس او نیوز) برہماور پولیس نے ایک گھر کا دروازہ توڑ کر چوری کی واردات انجام دینے والے ملزم کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضے سے تقریباً 14 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات اور نقدی برآمد کی ہے ۔
پولیس کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ 6 مارچ کو شام 7.45 سے 10.15 بجے کے درمیان پیش آیا تھا جب شکایت کنندہ ایم منجوناتھ راؤ (77 سال) اور ان کی بیوی اپنے گھر کو تالا لگا کر بارکور میں ناگمنڈلا پروگرام میں شرکت کے لیے گئے تھے ۔
ان کی غیر موجودگی کے دوران نامعلوم چور گھر کا سامنے والا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور بیڈ روم میں موجود گودریج لاکر کو زبردستی کھولنے کے بعد پنڈنٹ کے ساتھ سونے کی موتی کی چین، دو سونے کی چوڑیاں، ایک جوڑا سونے کی بالیاں، سونے کی انگوٹھی، سونے کے دیگر زیورات، چاندی کے سامان اور نقدی سمیت قیمتی سامان لے اڑے ۔ مسروقہ املاک کی کل مالیت 14.67 لاکھ روپے بتائی گئی تھی ۔
اس تعلق سے برہماور پولیس تھانے میں معاملہ درج ہونے کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بیلی اپّا کی رہنمائی میں تحقیقات کرتے ہوئے سی پی آئی گوپی کرشنا اور پی ایس آئی اشوک ملاباگھی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جرائم کا پتہ لگانے کے عملے کے ساتھ مل کر ملزم کو گرفتار کیا ۔
گرفتار شدہ ملزم کی شناخت بارکور کے رہنے والے پروین کمار کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس نے تقریباً 14 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 7500 روپے کی نقدی برآمد کی ۔ گرفتاری اور مسرقہ مال کی ضبطی کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔