ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کونکن ریلوے کا اقدام : بیندور میں تعمیر ہوگا کراسنگ اسٹیشن - شیرور سے اڈپی تک ہوگی ٹریک کی تجدید کاری

کونکن ریلوے کا اقدام : بیندور میں تعمیر ہوگا کراسنگ اسٹیشن - شیرور سے اڈپی تک ہوگی ٹریک کی تجدید کاری

Sat, 04 Apr 2026 19:59:20    S O News

منگلورو ،4/ اپریل (ایس او نیوز) کونکن ریلوے کارپوریشن لمٹیڈ (کے آر سی ایل)نے بیندور میں کراسنگ اسٹیشن، شیرور سے اڈپی تک ریلوے ٹریک کی تجدید کاری، مختلف مقامات پر اضافی لوپ لائنس وغیرہ تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس کے علاوہ آئندہ پانچ سال کے لئے انفرا اسٹرکچر کی از سر نو تعمیر کے لئے 22.8 کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔
    
فی الوقت اڈپی ضلع کے بیندور کو 'ہالٹ' اسٹیشن کے زمرے میں رکھا گیا ہے، جبکہ یہاں پر تقریباً تمام ایکسپریس ٹرینیں رکتی ہیں ۔ یہ کولّور میں واقع موکامبیکا مندر کے لئے ایک گیٹ وے کا کام کرتا ہے ۔ اس اسٹیشن کو اب ٹرینوں کے لئے 'کراسنگ اسٹیشن' میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تا کہ مزید ٹرینوں کو اس نیٹ ورک سے جوڑا جا سکے ۔
    
انفراسٹرکچر کی تجدید کاری کے سلسلے میں دوسرا کام شیرور سے اڈپی تک 73.3 کلو میٹر ٹریک کی مکمل تجدید کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ اتر کنڑا کے ہارواڈا، انوکلہ، گوکرن روڈ اور ہوناور کے ساتھ اڈپی کے بارکور میں اضافی لوپ لائنس بچھانے کی تجویز ہے ۔ 
    
آئندہ پانچ سال کے عرصے میں ہونے والے مجوزہ انفرا اسٹرکچر کے کاموں میں اڈپی، سورتکل اور منکی میں پلیٹ فارمس پر چھت کی تعمیر، ہوناور اور گوکرن روڈ پر ریل لیول پلیٹ فارمس [پلیٹ فارم نمبر ۲] کی ہائی لیول پلیٹ فارمس میں تبدیلی، ہوناور میں فوٹ اوور برڈج کی تعمیر، کنداپور میں پلیٹ فارم سرفیسنگ، اڈپی اسٹیشن پر بایو ٹوائلیٹ کی تعمیر، کمٹہ اور گوکرن میں خواتین کے لئے ویٹنگ ہال کی تعمیر شامل ہے ۔ 
    
کونکن ریلوے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس وقت اڈپی، مولکی، پڈوبیدری، گوکرن روڈ، بارکور، بیجور، مرجان جیسے مقامات پر 13 کروڑ سے زائد روپوں کی لاگت سے مختلف تعمیراتی کام چل رہے ہیں ۔  جبکہ سال 2025-26 میں کاروار، کمٹہ، مرڈیشور، بھٹکل، گوکرن روڈ، اڈپی، مولکی، سورتکل جیسے مقامات پر 8.69 کروڑ روپے لاگت کے تعمیراتی کام مکمل کیے گئے ۔ 
    
کونکن ریلوے کارپوریشن لمٹیڈ کا نیٹ ورک اتر کنڑا کے اسنوٹی سے دکشن کنڑا میں منگلورو کے قریب ٹھوکور تک 251.76 کلو میٹر پر پھیلا ہوا ہے ۔ اس میں 23 کراسنگ اسٹیشنس، 2 ہالٹ اسٹیشنس، 11 کلو میٹر کے راستے پر موجود 13 سرنگیں،  145 کٹنگس، 50 بڑے پُل، 42 مینول لیول کراسنگس، 140 روڈ اوور/انڈر برڈجس اور 17 پیدل پُل شامل ہیں ۔  


Share: