اُڈپی ،4 / اپریل (ایس او نیوز) اُڈپی ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے ضمن میں ایک فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دو بدمعاشوں کو ضلع سے باہر نکال دیا ہے ۔ اور انہیں مقررہ مدت کے لیے علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا ہے ۔
اُڈپی ضلع کے اسپیشل ایکزیکٹیو میجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہری رام شنکر کی جانب سے جن دو بدمعاشوں کو ضلع بدر کرنے کے یہ احکامات جمعرات 2 اپریل کو جاری کیے گئے ہیں
ان میں کاپ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار سے تعلق رکھنے والا وجیتا اور پڈوبیدری پولیس اسٹیشن کی حدود سے تعلق والے عارف صاحب کا نام شامل ہے۔
ضلع بدری کا سامنا کرنے والا وجیتا ادیاور گاؤں کے پتھروڈی کا رہنے والا ہے جو قتل کی کوشش اور حملہ سمیت چار مقدمات میں نامزد ملزم ہے ۔ اسے اڈپی ضلع سے باہر نکالتے ہوئے ضلع اتر کنڑا کے کاروار ٹاون میں چلے جانے کا حکم دیا گیا ہے ۔
پڈوبیدری پولیس اسٹیشن کے تحت مدرانگڑی کے رہنے والے عارف صاحب کو پانچ مقدمات کا سامنا ہے جن میں قتل کی کوشش، حملہ اور منشیات کا استعمال شامل ہے ۔ اس کا نام علاقے کے راوڈی شیٹر کے طور پر بھی درج کیا گیا ہے ۔ اسے اڈپی ضلع سے چکمگلورو ضلع کے کوپّا چلے جانے کا حکم دیا گیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ امن عامہ کو خراب کرنے سے روکنے کے لیے سخت کارروائی ضروری ہے ۔ پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ "یہ اقدامات رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ضلع میں سرگرم سماج دشمن عناصر پر لگام کسنے کے لیے کیے جا رہے ہیں ۔"
ان دونوں بدمعاشوں کو ضلع سے باہر چلے جانے اور متعینہ مدت تک کے لیے اُڈپی ضلع میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے ۔ یہ کارروائی عادی مجرموں سے نمٹنے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔