بینگلورو، 31 / مئی (ایس او نیوز) ڈپٹی وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ فرقہ وارانہ تشدد ساحلی علاقے کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے اور اس کی وجہ سے نہ صرف اس علاقے بلکہ پوری ریاست کو نقصان پہنچے گا ۔
انہوں نے کہا "ہم سماج کے تمام طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے ہیں ۔ افسران سے تفصیلات حاصل کرنے کے علاوہ ہم نے پارٹی کا ایک وفد بھی بھیجا ہے جو عوام سے بات چیت کرکے حالات کا جائزہ اپنی رپورٹ کی شکل میں پیش کرے گا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس علاقے میں امن بحال ہو جائے ۔ یہ ایک یا دو اموات کا معاملہ نہیں ہے ۔ فرقہ وارانہ کشیدگی علاقے کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے ۔"
جب ان سے پوچھا گیا کہ ضلع سے افسران کے تبادلے کے بعد بھی حالات قابو میں کیوں نہیں آ رہے ہیں تو انہوں نے کہا :" ہم حالات پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ بی جے پی اور دیگر تنظیمیں فرقہ وارانہ طور پر عوام کو بھڑکانے میں لگی ہوئی ہیں ۔ اس علاقے کے عوام کو یہ بات سمجھنی چاہیے ، بالآخر اس کے نتائج انہیں کو بھگتنا پڑتا ہے ۔"