ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ٹمکورو میں دلت صحافی پر نسل پرستانہ حملہ، پبلک ٹی وی رپورٹر گرفتار

ٹمکورو میں دلت صحافی پر نسل پرستانہ حملہ، پبلک ٹی وی رپورٹر گرفتار

Mon, 26 May 2025 11:15:06    S O News

ٹمکورو، 26 مئی (ایس او نیوز/ایجنسی)  ٹمکورو میں دلت صحافی جی این منجوناتھ (المعروف سمیا منجو) پر ذات پات کی بنیاد پر وحشیانہ حملہ اور توہین کے الزام میں پبلک ٹی وی سے وابستہ رپورٹر منجوناتھ تالامکی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کے خلاف انسدادِ مظالم برائے درج فہرست ذاتیں و قبائل (اٹراسٹیز) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واقعہ 21 مئی کی صبح پیش آیا جب جی این منجوناتھ سِدھارتھا ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے کی رپورٹنگ کر رہے تھے۔ اس دوران ملزم منجوناتھ تالامکی نے ان پر ذات پات کی نازیبا زبان استعمال کی اور تشدد بھی کیا۔ متاثرہ صحافی کے مطابق، ملزم نے نہ صرف ان پر نسل پرستانہ گالیاں دیں بلکہ ان کے سر اور کان پر نیوز مائیک سے بھی حملہ کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے کہا کہ "کیا تم یہاں بھی آ گئے ہو؟ خود کو بڑا سمجھتے ہو؟ کچھ بھی کر لو، تم نیچ ذات سے ہو، نیچ ذات کی عقل نہیں بدلے گی، مادیگا کی عقل بیکار ہے۔"

حملے کے نتیجے میں جی این منجوناتھ کو کان اور گردن میں زخم آئے، جنہیں فوری طور پر ٹمکور وضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس نے متاثرہ صحافی کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور تفتیش کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔

یہ واقعہ صحافتی برادری میں گہری تشویش کا باعث بنا ہے، جہاں دلت صحافیوں کی سلامتی، عزت نفس اور ذات پات پر مبنی امتیازی سلوک کے خلاف سخت آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں۔


Share: