ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مغربی کنارے میں امریکی صحافیوں پر تشدد اور حراست کے بعد اسرائیلی فوج کی مکمل بٹالین معطل

مغربی کنارے میں امریکی صحافیوں پر تشدد اور حراست کے بعد اسرائیلی فوج کی مکمل بٹالین معطل

Mon, 30 Mar 2026 18:25:36    S O News

یروشلم  ، 30/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے مغربی کنارے میں امریکی میڈیا گروپ سی این این کی ٹیم کے ساتھ مارپیٹ اور صحافیوں کی حراست معاملے میں  کئی حلقوں سے شدید تنقید کے بعد بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس سلسلے میں آئی ڈی ایف اسرائیلی فوج کی ملزم ریزرو بٹالین کی تمام آپریشنل سرگرمیاں فوری طور پر معطل کر دی ہیں۔ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے مغربی کنارے کے گاؤں تیاضیر میں پیش آیا تھا۔

اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مغربی کنارے میں تعینات ایک مکمل فوجی بٹالین کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کی اطلاعات عالمی سطح پر سامنے آئیں۔ رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سی این این کی ٹیم مغربی کنارے میں ایک فلسطینی گاؤں میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے زمین پر قبضے کی کوریج کر رہی تھی۔ اسی دوران اسرائیلی فوجیوں نے ٹیم کو حراست میں لے لیا۔

صحافیوں کا مؤقف ہے کہ دورانِ حراست ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، ایک فوٹو جرنلسٹ کا گلا دبایا گیا اور اس کا کیمرہ بھی توڑ دیا گیا۔ بعد ازاں تقریباً دو گھنٹے بعد صحافیوں کو رہا کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد عالمی صحافتی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انسانی حقوق کے حلقوں کا کہنا ہے کہ جنگی اور کشیدہ علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے بٹالین کی معطلی کو ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اصل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

آئی ڈی ایف نے اپنے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی داخلی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور سینئر افسران کی سفارش پر متعلقہ ریزرو بٹالین کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ صہیونی فوج نے یہ بھی کہا کہ بٹالین اب پیشہ ورانہ اور اخلاقی معیار کو مضبوط بنانے کے لیے تربیت اور نظم و ضبط میں اصلاحات کے عمل سے گزرے گی۔ جس بٹالین پر کارروائی کی گئی ہے وہ نیتزہ یہودا بٹالین کی ریزرو یونٹ ہے۔ یہ یونٹ مستقل طور سے الٹرا آرتھوڈوکس یہودیوں کو فوج میں بھرتی کرنے کے لیے بنائی گئی تھی تاکہ وہ اپنے مذہبی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے خدمت کر سکیں۔ حالانکہ حالیہ برسوں میں اس یونٹ پر انتہا پسند سیٹلمنٹ گروپوں سے وابستہ افراد کو بھرتی کرنے کے الزامات لگے ہیں جس سے اس کے کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔


Share: