ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک اسمبلی میں معطل بی جے پی کے 18 ارکان کی رکنیت بحال

کرناٹک اسمبلی میں معطل بی جے پی کے 18 ارکان کی رکنیت بحال

Mon, 26 May 2025 10:59:02    S O News

بنگلورو، 26 مئی (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر کی زیر صدارت پیر کو منعقدہ مصالحتی اجلاس میں بی جے پی کے ان تمام 18 ارکان اسمبلی کی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جنہیں اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں 21 مارچ کو چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ یہ ہنگامہ اس وقت ہوا تھا جب اسمبلی میں ہنی ٹریپ اسکینڈل اور مسلمانوں کو سرکاری ٹھیکوں میں چار فیصد ریزرویشن دیے جانے کے معاملے پر بحث جاری تھی۔ اس دوران بی جے پی ارکان نے اسپیکر کے خلاف شدید احتجاج کیا، سرکاری دستاویزات پھاڑے اور انہیں اسپیکر کی کرسی کی طرف پھینک کر ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالا تھا۔ اسپیکر نے اس عمل کو توہین قرار دیتے ہوئے 18 ارکان کو معطل کر دیا تھا۔

بی جے پی نے اس معطلی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے احتجاج درج کرایا اور گورنر تھاور چند گہلوت سے ملاقات کر کے معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔ بعد ازاں، بی جے پی نے وزیراعلیٰ سدارامیا اور اسپیکر کو باقاعدہ خط لکھ کر معطلی پر نظرثانی کی اپیل کی۔

اس کے پیش نظر آج ہونے والے مصالحتی اجلاس میں وزیراعلیٰ سدارامیا، نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، اپوزیشن لیڈر آر اشوک، وزیر قانون ایچ کے پاٹل اور ڈپٹی اسپیکر رودرپا لمانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے معطل شدہ ارکان کی رکنیت بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بحال کیے گئے ارکان میں اپوزیشن کے چیف وہپ ڈوڈنا گوڑا پاٹل، سابق نائب وزیر اعلیٰ سی این اشوتھ نارائن، ایس آر وشواناتھ، بی اے بسوراج، ایم آر پاٹل، چنا باسپا، بی سریش گوڑا، اوماناتھ کوٹیان، شرانو سالاگر، ڈاکٹر شیلندرا بیلڈالے، سی کے رامامورتی، یشپال سوارنا، بی پی ہریش، ڈاکٹر بھارت شیٹی، دھیرج منی راجو، چندرو لمانی، منی رتنا اور بسوراج متی موڈ شامل ہیں۔

اس فیصلے کے بعد اسمبلی میں اپوزیشن کی مکمل شرکت کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور امکان ہے کہ سیاسی ماحول میں پیدا شدہ تناؤ میں بھی کمی آئے گی۔ اپوزیشن کے دباؤ، گورنر کی مداخلت اور حکومت کے لچکدار رویے کے نتیجے میں جو تعطل ایک سیاسی محاذ آرائی کی صورت اختیار کر چکا تھا، وہ بالآخر ختم ہو گیا ہے۔


Share: