منگلورو، یکم اپریل (ایس او نیوز): کرناٹک کے ساحلی شہر منگلورو میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعے میں مچھلی پکڑنے گئے تین نوجوانوں میں سے دو ندی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے، جبکہ تیسرا نوجوان تیر کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
یہ واقعہ کاؤور پولیس تھانہ حدود میں واقع کنجتھ بئیل علاقے میں پیش آیا، جہاں تین نوجوان رات گئے تقریباً ڈیڑھ بجے فَلگُنی ندی میں ایک چھوٹی کشتی کے ذریعے ماہی گیری کے لیے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق، جب یہ نوجوان ندی کے وسط میں پہنچے تو اچانک کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تینوں پانی میں جا گرے۔ ان میں سے گنیش (28) اور رائل (27) کو تیرنا نہیں آتا تھا، جس کی وجہ سے وہ ندی میں ڈوب گئے۔ تاہم تیسرا نوجوان نِتیش (29) ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیر کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب رہا اور اپنی جان بچالی۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے عملے اور مقامی غوطہ خوروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ منگل کی دوپہر تک گنیش کی لاش ندی سے نکال لی گئی تھی، جبکہ دوسرے لاپتہ نوجوان رائل کی تلاش کے لیے آپریشن جاری تھا۔
پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔