کلبرگی، 19 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)ضلع کلبرگی میں اب تک مختلف بینکوں کے ذریعے تقریباً 3 لاکھ کسانوں کو مجموعی طور پر 3800 کروڑ روپے کے فصل قرض فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس بات کی اطلاع ضلع مجسٹریٹ محترمہ فوزیہ ترنم نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی، جو فصل قرض افسران کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا۔
انہوں نے بینک افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ 31 جولائی تک فصل قرض حاصل کرنے والے تمام کسانوں کو فصل بیمہ کی اہمیت سے واقف کرائیں، تاکہ قدرتی آفات کی صورت میں فصل کو ہونے والے نقصان سے کسان خود کو محفوظ رکھ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فصل بیمہ کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور اگر کوئی افسر کسانوں کو قرض یا بیمہ سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے میں ناکام ہوتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محترمہ فوزیہ ترنم نے مزید بتایا کہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت ضلع کے تمام تعلقہ جات اور گرام پنچایتوں میں اہم فصلوں کے لیے بیمہ سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ دیگر فصلوں کے لیے ہوبلی سطح پر بیمہ نافذ کیا جائے گا۔
سال 2025-26 کے مانسون سیزن کے لیے اس اسکیم کے تحت بیمہ فراہم کرنے کی ذمہ داری "ایفکو ٹوکیو انشورنس کمپنی لمیٹڈ، بنگلور" کو سونپی گئی ہے۔
ضلع انتظامیہ نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فصل بیمہ سے متعلق مزید معلومات کے لیے اپنے قریبی رائتھا سمپرک کیندر یا زراعت کے معاون ڈائریکٹر کے دفتر کے ہیلپ لائن نمبر 1800-200-5142 پر رابطہ کریں۔
اس اجلاس میں زراعت محکمہ کے جوائنٹ ڈائریکٹر سمد پٹیل سمیت مختلف بینکوں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔