ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / تشدد، نفرت اور اشتعال انگیزی پر قابو سماجی فلاح کی شرط ہے: وزیراعلیٰ سدارامیا

تشدد، نفرت اور اشتعال انگیزی پر قابو سماجی فلاح کی شرط ہے: وزیراعلیٰ سدارامیا

Thu, 17 Jul 2025 11:18:33    S O News

بنگلورو، 17 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی):ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ اگر معاشرے میں نفرت انگیز تقاریر، اشتعال انگیزی اور تشدد کو روکا جائے تو ہی سماجی ترقی اور عوامی فلاح ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس ریاست کے امن، سرمایہ کاری، اور شہریوں کے سکون بھری زندگی کی بنیاد ہے۔

وزیراعلیٰ آج کورمنگلا کے سلک بورڈ جنکشن کے قریب پولیس اور بی ایم آر سی ایل کے اشتراک سے تعمیر شدہ کے ایس آر پی کمیونٹی ہال کا افتتاح کر رہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دے کر کہا کہ پولیس امن و امان برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ فسادات کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2024 میں ریاست میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر کمی درج کی گئی ہے، جس کا کریڈٹ پولیس محکمہ کو جاتا ہے جو سات کروڑ عوام کی حفاظت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ سائبر جرائم میں اضافہ ہوا ہے اور منشیات کا پھیلاؤ نوجوانوں کو تباہ کر رہا ہے، جس کے خاتمے کے لیے سخت کارروائی ناگزیر ہے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس اسٹیشنوں کو عوام دوست بنانے اور پولیس اہلکاروں کو عوام سے براہ راست رابطے میں رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ فسادات کو ابتدا ہی میں روکنا ضروری ہے، کیونکہ بعد میں ان پر قابو پانا مشکل ہو جاتا ہے۔

حکومت کی طرف سے پولیس محکمہ کو مضبوط بنانے کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ہال پولیس کانسٹیبلز اور سب انسپکٹرز کو کم نرخ پر فراہم کیا جائے گا۔ ساتھ ہی پولیس اہلکاروں کی طبی جانچ کی فیس کو بڑھا کر 1500 روپے کر دیا گیا ہے، اور ضرورت پڑنے پر اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بنگلور کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور وسعت کے پیش نظر پولیس ڈویژنز کی تعداد 8 سے بڑھا کر 11 کر دی گئی ہے، اور مزید ڈی سی پیز مقرر کیے جائیں گے۔

آخر میں وزیراعلیٰ نے پولیس افسران کو خبردار کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، اس لیے پوری سنجیدگی، ایمانداری اور احتیاط کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دی جائیں، تاکہ ریاست میں امن، ترقی اور سماجی ہم آہنگی قائم رہ سکے۔


Share: