میسورو، 19 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی)وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے آج میسور شہر میں 2578 کروڑ روپئے مالیت کے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ترقی ہی ان جماعتوں کے جھوٹے پروپیگنڈے کا اصل جواب ہے۔
راجیہ شری بھون کے احاطے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے ہر گھر تک فلاحی اسکیمیں پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ہے اور یہ کام صرف دعووں تک محدود نہیں بلکہ عملی سطح پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور جے ڈی ایس اگر چاہیں تو عوامی مباحثے کے لیے ایک ہی اسٹیج پر آ سکتے ہیں، جہاں حکومت کی کارکردگی پر کھل کر بحث کی جا سکتی ہے۔
سدارامیا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جب کہتی ہے کہ ترقی کے لیے فنڈز نہیں ہیں، تو وہ یہ بتائیں کہ آج کے 2578 کروڑ روپئے کے منصوبے آخر کہاں سے آئے؟ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں ترقی کی سیاست ہضم نہیں کر پاتیں، اس لیے مسلسل منفی سیاست کرتی ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بی جے پی کبھی اکثریت سے اقتدار میں نہیں آئی بلکہ ہمیشہ پچھلے دروازے یعنی ’آپریشن کمل‘ کے ذریعے حکومت حاصل کی ہے۔ جے ڈی ایس پر تنقید کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ایچ ڈی کمارسوامی کبھی اپنی طاقت پر حکومت نہیں بنا سکتے اور جنہوں نے عوامی اعتماد کھو دیا ہو، انہیں تنقید کا حق نہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی اور جے ڈی ایس نہ ریاستی مفادات کی نمائندگی کرتے ہیں اور نہ ہی عوامی بہبود کے حامی ہیں۔ مرکز کو دیے جانے والے ٹیکس کے بدلے ریاست کو کم حصہ ملنے پر بھی بی جے پی کے لیڈران خاموش ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت صرف پانچ گارنٹی اسکیموں تک محدود نہیں بلکہ ترقیاتی شعبوں میں لاکھوں کروڑ خرچ کر رہی ہے۔ "شکتی یوجنا" کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں 500ویں خاتون مسافر کو خود ٹکٹ دیا، جو حکومت کی عوامی وابستگی کا ثبوت ہے۔
سدارامیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تاریخی سماجی انصاف پر مبنی فیصلے کیے ہیں۔ نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور منموہن سنگھ کے ادوار کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکورٹی ایکٹ، نریگا اور مفت تعلیم جیسے انقلابی قوانین صرف کانگریس کی دین ہیں۔
انہوں نے بی جے پی کو منو وادی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف آئین بلکہ سماجی انصاف کی بھی مخالف ہے۔ اگر بی جے پی نے آئین کو بدلنے کی کوشش کی تو کانگریس پارٹی اور عوام مل کر اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔